غزہ: اسرائیلی فوج کی اسکول پر بمباری، 12 فلسطینی شہید
غزہ میں اسرائیل فورسز کی جانب سے مصطفیٰ حافظ اسکول پر بمباری کے نتیجے میں 12 فلسطینی شہید ہوگئے، اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے حماس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو نشانہ بنایا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے ترجمان محمود باسل نے بتایا ہے کہ ہمارے عملے نے غزہ شہر کے مغرب میں مصطفیٰ حافظ اسکول سے 12 لوگوں کی لاشیں نکالی ہیں، جسے اسرائیلی حملے میں نشانہ بنایا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں بے گھر فلسطینی اسکولوں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ’اسکول کو اس لیے نشانہ بنایا گیا کیوں کہ یہ حماس کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر تھا‘۔
اسرائیلی فوج کے مطابق حماس کے رہنما اس کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو اسرائیلی آرمی اور اسرائیل پر حملوں کی پلاننگ کے لیے استعمال کرتا تھا اور ہم نے اسکول میں موجود شدت پسندوں پر حملہ کیا تھا۔
غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے ترجمان کی جانب سے ابتدائی طور پر بتایا گیا کہ اسرائیل کی جانب سے اسکول کی دوسری منزل کو نشانہ بنایا گیا جس میں 7 اموات اور 15 زخمیوں کی اطلاعات ہیں۔
اے ایف پی کی تصاویر میں دکھایا گیا ہے کہ حملے کے بعد اسکول ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے، جہاں سینکڑوں فلسطینی مرد اور خواتین گود میں بچے پکڑے ہوئے کھڑے ہیں اور وہاں سے بھاگنے کی کوشش کررہے ہیں۔
یاد رہے کہ حالیہ ہفتوں میں اسرائیلی فوج نے غزہ میں متعدد اسکولوں پر حملہ کیا ہے اور ہر بار اسرائیل کی جانب سے یہی دعویٰ کیا گیا کہ حماس ان اسکولز کو کمانڈ سینٹر کے طور پر استعمال کررہا ہے تاہم ہر بار حماس کی جانب سے اس دعوے کی تردید کی گئی ہے۔
اسرائیلی فوج نے 10 اگست کو غزہ میں فجر کی نماز کے وقت الطبعین اسکول پر بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں 93 فلسیطنی شہید ہوئے تھے جب کہ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ حملے میں 31 عسکریت پسند مارے گئے تھے۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر 2023 حماس کے جنگجوؤں کی جانب سے اسرائیل پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں تقریباً 1200 اسرائیلی ہلاک ہوئے اور 250 اسرائیلیوں کو یرغمال بنایا گیا۔
فلسطینی محکمہ صحت کے حکام کے مطابق گزشتہ 10 ماہ کے دوران اسرائیلی فوج کے حملوں میں 40 ہزار 173 فلسطینی شہید اور 92 ہزار 609 زخمی ہوچکے ہیں، جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی تھی، جب کہ اسرائیل نے حماس کے 17 ہزار جنگجوؤں کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل، غزہ میں 25 سالوں میں پہلا پولیو کیس ریکارڈ ہونے کے بعد اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے لاکھوں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے جنگ بندی کا مطالبہ کیا تھا۔