’حسد نہ کریں اور سندھ کے عوام کو ریلیف دیں، سعید غنی کے بیان پر عظمیٰ بخاری کا ردعمل
وزیر بلدیات سندھ کی جانب سے پنجاب میں سستی بجلے کے اعلان کو سیاسی دکھاوا کہنے پر وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آپ حسد نہ کریں ہمت کریں اور سندھ کے عوام کو ریلیف دیں۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سستی اور مہنگی بجلی صوبائی حکومت کا نہیں وفاق کا اختیار ہے جب کہ پنجاب حکومت نے صرف 2 ماہ کے لیے سستی بجلی کی سہولت کے ساتھ اربوں روپے کے اشتہارات بھی دیے۔
پیپلزپارٹی کے رہنما نے پنجاب میں سستی بجلی کے اعلان کو سیاسی دکھاوا قرار دیتے ہوئے پوچھا کیا بجلی صارفین دو ماہ بعد پرانی قیمتیں ادا کریں گے؟
وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے سعید غنی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پچھلے 3 دن سے سندھ حکومت پریشان ہے کہ پنجاب حکومت نے بجلی کے بلوں میں ریلیف کیوں دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے اپنے صوبے کے فنڈز سے عوام کو ریلیف دیا ہے، آپ حسد نہ کریں ہمت کریں اور سندھ کے عوام کو ریلیف دیں۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عوامی ریلیف کے اقدام پر فضول قسم کی سیاست کرنا باعث تعجب ہے، عوامی جماعت ہونے کے دعویدار پارٹی کے تمام وزرا اور ترجمان 3 دن سے عوامی ریلیف کے ہی خلاف بیانات دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب آپ عوام کے دعویدار بنتے ہیں تو مشکل کی گھڑی میں عوام کو ریلیف دینے سے گھبرا کیوں رہے ہیں، ہمت کریں آپ بھی سندھ کے عوام کو ریلیف دیں تحریک انصاف کی لائن فالو مت کریں۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ(ن) کے صدر نواز شریف نے پنجاب میں 201 سے 500 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بجلی کے یونٹ میں 14 روپے ریلیف کا اعلان کیا تھا۔