• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

’شرمناک‘، اداکاراؤں کا لاہور و اسلام آباد میں خواتین کو ہراساں کرنے کی وائرل ویڈیوز پر رد عمل

شائع August 19, 2024
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مبینہ طور پر یوم آزادی کے موقع پر بھیڑ کی جانب سے خواتین کو ہراساں کیے جانے کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد اداکاراؤں نے رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان خواتین کے لیے محفوظ ملک نہیں رہا۔

اداکارہ مریم نفیس نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی وائرل ہونے والی مبینہ ویڈیو پر رد عمل دیتے ہوئے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ اب پاکستان خواتین کے لیے محفوظ ملک نہیں رہا۔

انہوں نے لکھا کہ بھیڑ نے جس لڑکی کو ہراساں کیا، وہ ایک مرد کے ساتھ تھیں اور دن کا وقت تھا لیکن اس باوجود انہیں نشانہ بنایا گیا اور پھر کہا جاتا ہے کہ پاکستان خواتین کے لیے محفوظ ملک ہے۔

مریم نفیس نے لکھا کہ خواتین کو دن دہاڑے ہراساں کرنے والے ایسے افراد کو تعلیم دی جائے، انہیں کام پر لگایا جائے اور یہ کہ پاکستان خواتین کے لیے محفوظ ملک نہیں رہا۔

انہوں نے جس ویڈیو پر رد عمل دیا، وہ دو دن قبل سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں ایک لڑکی اور لڑکے کو لوگ ہراساں کرتے دکھائی دیے تھے۔

وائرل ہونے والی ویڈیو سے متعلق سوشل میڈیا پیجز نے دعویٰ کیا کہ مذکورہ ویڈیو یوم آزادی کے موقع پر اسلام آباد کی ہے، جہاں پارک میں مرد کے ہمراہ جانے والی پینٹ شرٹ پہنی لڑکی کو لوگوں نے ہراساں کیا۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ درجنوں لوگ لڑکے اور لڑکی کے پیچھے دوڑتے ہوئے آوازیں کستے آ رہے ہیں جب کہ دونوں لڑکا اور لڑکی ایک دوسرے کو گلے میں تھامے پارک سے باہر نکلتے دکھائی دیے۔

اسی طرح اداکارہ ماہرہ خان نے بھی لاہور سے وائرل ہونے والی ایک ویڈیو پر رد عمل دیتے ہوئے خاتون کو ہراساں کرنے کے عمل کو ’شرم ناک‘ قرار دیا۔

ماہرہ خان نے جس ویڈیو پر رد عمل دیا، اس متعلق بھی سوشل میڈیا پیجز نے دعویٰ کیا کہ وہ بھی یوم آزادی کے موقع پر لاہور میں بنائی گئی، جس میں بھیڑ کو نقاب پوش لڑکی کو ہراساں کرتے، انہیں دھکے دیتے اور ان کے جسم کو چھوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

اسلام آباد اور لاہور کی وائرل ہونے والی ویڈیوز پر انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا جب کہ ڈان نیوز آزادانہ طور پر اس بات کی تحقیق نہیں کر پایا کہ مذکورہ دونوں ویڈیوز کب کی اور کہاں کی ہیں؟ تاہم سوشل میڈیا پیجز اور اداکاراؤں کی جانب سے بتایا گیا کہ مذکورہ ویڈیوز اسلام آباد اور لاہور کی ہیں جو کہ 14 اگست 2024 کو بنائی گئیں۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024