• KHI: Maghrib 6:35pm Isha 7:51pm
  • LHR: Maghrib 6:07pm Isha 7:28pm
  • ISB: Maghrib 6:13pm Isha 7:36pm
  • KHI: Maghrib 6:35pm Isha 7:51pm
  • LHR: Maghrib 6:07pm Isha 7:28pm
  • ISB: Maghrib 6:13pm Isha 7:36pm

حالیہ مذاکرات اسرائیل۔حماس جنگ بندی کا آخری موقع ہو سکتے ہیں، امریکی وزیر خارجہ

شائع August 19, 2024
—فائل فوٹو: رائٹرز
—فائل فوٹو: رائٹرز

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے تک پہنچنے کے لیے یہ اب شاید بہترین اور شاید آخری موقع ہے۔

سی این این کی رپورٹ کے مطابق انٹونی بلنکن نے یہ ریمارکس اکتوبر میں غزہ تنازع شروع ہونے کے بعد سے مشرق وسطیٰ کے اپنے نویں دورے کے دوران پیر کو اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ سے ملاقات کے دوران دیے۔

گزشتہ ہفتے دوحہ میں مذاکرات کے دوبارہ شروع ہونے کے بعد سے امریکا نے ایک معاہدے تک پہنچنے کے لیے امید کا اظہار کیا ہے، لیکن حماس کا کہنا ہے کہ پیشرفت کی تجاویز ایک فریب ہیں۔

انٹونی بلنکن سے امید ہے کہ وہ پیر کو اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو سے ملاقات کے دوران ان پر اس حوالے سے دباؤ ڈالیں گے۔

انٹونی بلنکن نے اسرائیلی صدر کے ساتھ اپنی ملاقات کے دوران کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں کہ تناؤ میں اضافہ، کوئی اشتعال انگیزی اور کوئی ایسی کارروائیاں نہ ہوں جو کسی بھی طرح سے ہمیں اس معاہدے تک پہنچنے سے دور کردیں یا اس تنازع کو دیگر مقامات تک مزید شدت کے ساتھ پھیلا دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 7 اکتوبر کے بعد سے یہ میرا اسرائیل، مشرق وسطیٰ کا نواں دورہ ہے اور یہ فیصلہ کن لمحہ ہے، غالباً یہ یرغمالیوں کو گھر پہنچانے، جنگ بندی کروانے اور سب کو بہتر طریقے سے پائیدار امن اور سلامتی کا راستہ پیش کرنے کا بہترین اور شاید آخری موقع ہے۔

موجودہ مذاکرات امریکا کی طرف سے پیش کردہ ایک ترمیم شدہ تجویز پر مبنی ہیں، جس کا مقصد اسرائیل اور حماس کے درمیان دیرینہ خلیج کو ختم کرنا ہے۔

امریکیوں کو امید ہے کہ وہ اگلے ہفتے شاید اسی وقت تک معاہدہ تک پہنچ سکیں گے۔

لیکن اسرائیلی قیادت یا حماس کی طرف سے یہ امید دکھائی نہیں دیتی جہاں دونوں ایک دوسرے پر ہٹ دھرمی اور معاہدے کو روکنے کا الزام لگارہے ہیں۔

اتوار کو ایک بیان میں حماس نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو پر معاہدے کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے اور جنگ کو طول دینے کے مقصد سے نئی شرائط اور مطالبات رکھنے کا الزام لگایا ہے۔

حماس نے مزید کہا کہ اسرائیل ثالثوں کی کوششوں کو ناکام بنانے اور معاہدے میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے مکمل طور پر ذمہ دار ہے۔

کارٹون

کارٹون : 16 ستمبر 2024
کارٹون : 15 ستمبر 2024