فیکٹ چیک: کمار سانو نے عمران خان کے حق میں گانا نہیں گایا
بھارت کے معروف گلوکار کمار سانو نے واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والا عمران خان کے حق میں گایا گیا ان کی آواز کا گانا جعلی ہے، انہوں نے سابق پاکستانی وزیر اعظم کے حق میں کوئی گانا نہیں گایا۔
کمار سانو نے انسٹاگرام پر پریس ٹرسٹ آف اںڈیا (پی ٹی آئی) کی خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کیا، جس کے مطابق بھارتی گلوکار کی آواز میں وائرل گانا آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) سے تیار کردہ ہے اور جعلی ہے۔
خبر رساں ادارے نے اپنی فیکٹ چیک خبر میں بتایا کہ کمار سانو نے سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے حق میں گانا نہیں گایا بلکہ ان کی ایک ویڈیو کو اے آئی کے ذریعے ایڈٹ کرکے ان کی ہی آواز میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کے حق میں گانا تیار کیا گیا۔
کمار سانو نے خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والا ان کی آواز کا گانا اے آئی سے تیار شدہ ہے، انہوں نے عمران خان کے حق میں گانا نہیں گایا۔
انہوں نے لکھا کہ ان کی آواز میں اے آئی گانا وائرل ہونے کے بعد ان پر الزامات لگائے جا رہے ہیں، جس وجہ سے انہوں نے مجبور ہوکر صفائی پیش کی۔
کمار سانو نے لکھا کہ ان کی آواز میں گانا تیار کرکے ان کی شہرت اور ساکھ کو نقصان پہنچایا گیا اور یہ ٹیکنالوجی کا بھی غلط استعمال ہے۔
گلوکار نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹیکنالوجی کا غلط استعمال کرکے ان کی آواز میں اے آئی گانا بنانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
کمار سانو کی آواز میں عمران خان کے حق میں وائرل ہونے والے مختصر گانے میں عمران خان کی آزادی اور انہیں پھر سے وزیر اعظم بنانے کی باتیں کی گئی تھیں اور سننے والے سمجھ بیٹھے تھے کہ گانے کو واقعی کمار سانو نے ہی گایا ہے۔