• KHI: Fajr 5:05am Sunrise 6:21am
  • LHR: Fajr 4:31am Sunrise 5:52am
  • ISB: Fajr 4:34am Sunrise 5:57am
  • KHI: Fajr 5:05am Sunrise 6:21am
  • LHR: Fajr 4:31am Sunrise 5:52am
  • ISB: Fajr 4:34am Sunrise 5:57am

اسمٰعیل ہنیہ کے قتل کے بعد اسرائیل کا نئے سربراہ یحییٰ سنوار کو نشانہ بنانے کا اعلان

شائع August 8, 2024
حماس کے نئے سربراہ یحییٰ سنوار— فوٹو: اے ایف پی
حماس کے نئے سربراہ یحییٰ سنوار— فوٹو: اے ایف پی

غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ 11ویں مہینے میں داخل ہو گئی ہے جہاں اسرائیل نے حماس کے نئے سربراہ یحییٰ سنوار کو نشانہ بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے بدھ کے روز ایک فوجی اڈے پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اپنے دفاع کے لیے ’پرعزم‘ ہے اور ہم دفاعی اور جارحانہ دونوں طور پر تیار ہیں۔

فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ہرزی حلوی نے کہا کہ ہم یحییٰ سنوار کو ​​تلاش کریں گے، اس پر حملہ کریں گے اور حماس کو مجبور کریں گے کہ وہ ان کی جگہ کسی اور کا انتخاب کرے۔

2017 سے غزہ میں حماس کے رہنما یحییٰ سنوار 7 اکتوبر کے حملے کے بعد سے نہیں دیکھے گئے۔

حماس کے ایک سینئر عہدیدار نے اے ایف پی کو بتایا کہ یحییٰ سنوار کے انتخاب نے یہ پیغام دیا کہ حماس مزاحمت کا راستہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ یحییٰ سنوار غزہ میں جنگ بندی پر راضی ہونے کے حوالے سے ہچکچاہٹ کا شکار ہیں اور سابق سربراہ اسمٰعیل ہنیہ کے مقابلے میں ایران کے زیادہ قریب تصور کیے جاتے ہیں۔

سائٹ انٹیلی جنس گروپ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ریٹا کاٹز نے کہا کہ اگر اسمٰعیل ہنیہ کی موت پر جنگ بندی کے معاہدے کا امکان نظر نہیں آتا، تو یحییٰ سنوار کی جانب سے بھی جنگ بندی کیے جانے کے امکانات بہت کم ہیں اور حماس صرف اپنی مزاحمتی حکمت عملی کو اپنائے گی۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ جنگ بندی کے حصول میں مدد کرنا یحییٰ سنوار پر منحصر ہے، وہ بنیادی فیصلہ کرنے والے رہے ہیں اور رہیں گے۔

حماس کی لبنان میں موجود اتحادی حزب اللہ نے بھی بیروت میں اسرائیلی حملے میں اسمٰعیل ہنیہ اور اس کے اپنے فوجی کمانڈر فواد شکر کی شہادت کا بدلہ لینے کا عہد کیا ہے۔

فواد شکر کی موت کے ایک ہفتے بعد ایک ٹیلیویژن خطاب میں حزب اللہ کے رہنما حسن نصراللہ نے کہا کہ ہمارا گروپ تنہا یا خطے میں ایران کے حمایت یافتہ گروپوں کے ہمراہ اجتماعی کارروائی کرے گا۔

خطے میں اضافی جنگی جہاز اور جیٹ طیارے بھیجنے والے امریکا نے ایران اور اسرائیل دونوں پر زور دیا ہے کہ وہ کشیدگی میں اضافے سے گریز کریں۔

صدر جو بائیڈن نے اس ہفتے خطے کے رہنماؤں نے بات کی جبکہ انٹونی بلنکن نے صحافیوں کو بتایا کہ اسرائیل اور ایران دونوں کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کا براہ راست پیغام پہنچا دیا ہے۔

فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے بدھ کے روز نیتن یاہو سے کہا کہ وہ جوابی کارروائیوں سے گریز کریں اور اپنے ایرانی ہم منصب مسعود پیزشکیان کو بھی یہی پیغام دیا۔

ایرانی صدر نے میکرون سے ٹیفونک گفتگو کے دوران کہا کہ اگر وہ غزہ میں جاری جنگ روکنا چاہتے ہیں تو مغرب کو فوری طور پر اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت اور اس کی حمایت کرنا بند کر دینا چاہیے۔

اسرائیل نے ایران میں اسمٰعیل ہنیہ کے قتل پر کوئی تبصرہ نہیں کیا تھا لیکن بیروت میں فواد شکر پر حملہ کی تصدیق کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 ستمبر 2024
کارٹون : 21 ستمبر 2024