• KHI: Maghrib 5:55pm Isha 7:16pm
  • LHR: Maghrib 5:11pm Isha 6:37pm
  • ISB: Maghrib 5:11pm Isha 6:39pm
  • KHI: Maghrib 5:55pm Isha 7:16pm
  • LHR: Maghrib 5:11pm Isha 6:37pm
  • ISB: Maghrib 5:11pm Isha 6:39pm

ماریہ بی کا ’برزخ‘ کے خلاف عدالت جانے کا اعلان

شائع August 7, 2024
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

فیشن ڈیزائنر ماریہ بی نے متنازع ویب سیریز ’برزخ‘ کے خلاف عدالت میں جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویب سیریز کی ٹیم لوگوں کو بے وقوف بنا رہی ہے۔

ماریہ بی نے اپنی متعدد انسٹاگرام اسٹوریز میں لکھا کہ ویب سیریز کی ٹیم نے ’برزخ‘ کی آخری قسط کو بھی یوٹیوب پر ریلیز کرنے کے بعد اسے وہاں سے ڈیلیٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ ویب سیریز کی ٹیم سب کو بے وقوف بنا رہی ہے، لوگوں نے برزخ کی آخری قسط بھی دیکھ لی اور اسے اب ڈیلیٹ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ماریہ بی نے مزید لکھا کہ اگر ’برزخ‘ کے معاملے پر صرف ان کا مذاق اڑایا جا رہا ہوتا یا صرف انہیں ہی تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہوتا تو کوئی بات نہیں تھی بلکہ ویب سیریز کے ذریعے مذہب اسلام کا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ وہ ’برزخ‘ کی ٹیم کو قیامت کے دن دیکھیں گی کہ وہ کس طرح مذہب کا مذاق اڑا رہی ہے۔

ماریہ بی نے برزخ کی ٹیم کے اوپر واضح کیا کہ ویب سیریز کو یوٹیوب سے ڈیلیٹ کیے جانے کے اعلان کے باوجود وہ عدالت میں جائیں گی۔

انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اور دیگر افراد ایک یا دو دن میں عدالت سے رجوع کریں گے۔

اس سے قبل بھی ماریہ بی نے ’برزخ‘ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ وہ ویب سیریز کے خلاف عدالت جائیں گی۔

ماریہ بی نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ برزخ کے ذریعے قوم لوط کے فعل کو نارمل قرار دینے کی کوشش کی گئی جب کہ اس میں ناجائز جنسی تعلقات سمیت شادی سے قبل جنسی تعلقات کو بھی نارمل دکھانے کی کوشش کی گئی۔

برزخ کی پہلی قسط کو 19 جولائی جب کہ آخری اور چھٹی قسط کو 6 اگست کو ریلیز کیا گیا تھا، اس کی تیسری قسط میں دو ہم جنس پرست مرد کرداروں کو ایک دوسرے کی جانب رومانوی طور پر راغب دکھایا گیا تھا، جس پر ویب سیریز کو تنقید کا بھی سامنا ہے۔

شائقین کی شدید تنقید کے بعد ویب سیریز کی ٹیم نے اسے 9 اگست سے یوٹیوب پاکستان سے ڈیلیٹ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

’برزخ‘ کی ہدایات عاصم عباسی نے دی تھیں جب کہ اس میں فواد خان، صنم سعید، ایمان سلیمان اور خوشحال خان سمیت دیگر نے اداکاری کے جوہر دکھائے۔

کارٹون

کارٹون : 2 جنوری 2025
کارٹون : 1 جنوری 2025