• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

بھارت کو 34 سال بعد ایشیاکپ کی میزبانی مل گئی

شائع July 30, 2024
فوٹو: ڈان
فوٹو: ڈان

ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیاکپ مین اور ویمن 2025 کے میزبان کا اعلان کردیا، دونوں ایونٹس کی میزبانی بھارت کرے گا، جب کہ بنگلہ دیش کو 2027 میں ہونے والے ایشیاکپ کی میزبانی دی گئی ہے۔

کھیلوں کی ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ بھارت ایشیا کپ 2025 کی میزبانی کرے گا جو ٹی20 فارمیٹ پر کھیلا جائے گا، جو بھارت میں ہی شیڈول 2026 کے ٹی20 ورلڈکپ کا پیش خیمہ ہے۔

2016 میں جب ایشیا کپ پہلی بار ٹی20 فارمیٹ میں کھیلا گیا، تب سے ایشیا کپ کو عالمی ایونٹ کے لیے ڈریس ریہرسل کے طور پر استعمال کیا گیا ہے اور اسے اس فارمیٹ میں کھیلا جاتا ہے جس فارمیٹ میں اگلا ورلڈکپ شیڈول ہوتا ہے۔

پاکستان میں ہونے والے 2023 کا ایشیاکپ ’ہائبرڈ ماڈل‘ کے تحت منعقد ہوا، کیونکہ بھارت نے پڑوسی ملک کا سفر کرنے سے انکار کر دیا تھا اور اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے تھے۔

ایشین کرکٹ کونسل نے 2027 میں ہونے والے ایشیا کپ کی میزبانی بنگلہ دیش کو دی ہے، 2027 کا ایشیاکپ ون ڈے فارمیٹ میں منعقد ہوگا کیونکہ اسی سال جنوبی افریقہ میں ون ڈے ورلڈکپ شیڈول ہے۔

ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں افغانستان، بھارت، پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش شامل ہیں، جب کہ ایونٹ میں ایشین کرکٹ کونسل کا ایک نان ٹیسٹ ممبر کوالیفائنگ راؤنڈ کے ذریعے شامل ہوگا۔

بھارت دفاعی چیمپئن کے طور پر ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی، وہ ایشیاکپ کے آخری 4 ایڈیشنز میں سے 3 جیت چکا ہے، بھارت نے کولمبو میں گزشتہ سال کے 50 اوورز کے فائنل میں سری لنکا کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

واضح رہے کہ بھارت نے آخری بار 1990-91 میں ایشیا کپ کی میزبانی کی تھی جس میں بھارت نے فائنل میں سری لنکا کو شکست دی تھی۔

مجموعی طور پر اب تک 1984 سے شروع ہونے والے ایشیاکپ کے 16 ٹورنامنٹس ہوچکے ہیں، جس میں سب سے زیادہ بھارت 8 بار چیمپئن بنا ہے، سری لنکا 6 اور پاکستان صرف 2 بار یہ کپ جیتنے میں کامیاب رہا ہے، بنگلہ دیش 3 بار فائنل میں پہنچنے کے باوجود ایک بار بھی ٹرافی نہیں اٹھاسکا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024