پیرس اولمپکس میں دونوں پاکستانی تیراک پہلے ہی مرحلے میں باہر
پیرس اولمپکس میں پاکستانی تیراکوں کا سفر پہلے ہی مرحلے میں اختتام پذیر ہو گیا اور قومی ریکارڈ کے حامل سوئمر احمد درانی کے ساتھ ساتھ جہاں آرا نبی بھی مایوس کن پرفارمنس کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئیں۔
پیرس اولمپکس میں پاکستانی تیراک احمد درانی کا دو سو میٹر فری اسٹائل سوئمنگ میں وقت ایک منٹ اٹھاون سیکنڈز رہا جو ان کے قومی ریکارڈ ایک منٹ 55 سیکنڈ سے بھی کم ہے۔
قومی سوئمر 25 کھلاڑیوں میں آخری نمبر پر رہے جبکہ رومانیہ کے ورلڈ جونیئر ریکارڈ ہولڈر ڈیوڈ پوپو وجی ایک منٹ 45 سیکنڈ کے ساتھ پہلے نمبر پر رہے۔
پاکستان کی خاتون تیراک جہاں آرا نبی بھی دو سو میٹر فری اسٹائل سوئمنگ میں دو منٹ دس سیکنڈ میں بمشکل فاصلہ طے کر سکیں اور 30 ایتھلیٹس کی فہرست میں 26ویں نمبر پر رہیں۔
پاکستان کے دونوں تیراکوں کی طرح جنوبی ایشیا سے اولمپکس سے حصہ لینے والے تمام تیراکوں نے وائلڈ کارڈ اینٹری کے ذریعے ایونٹ میں شرکت کی۔
پاکستان کی جہاں آرا کی طرح بھارت کی تیراک دھنیدھی دیسنگھو اور سریہاری نٹراج بھی ایونٹ کے پہلے ہی راؤنڈ سے باہر ہو گئی اور وہ بھی اب اسٹینڈز میں بیٹھ کر ایونٹ کے سیمی فائنل دیکھنے پر مجبور ہوں گی۔