محسن نقوی کی نااہلی کا کیس: سماعت 15 جولائی تک ملتوی
لاہور ہائی کورٹ نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو سینیٹ کی نشست سے نااہل قرار دینے کی درخواست پر بطور اعتراض کارروائی کرتے ہوئے سماعت 15 جولائی تک ملتوی کردی۔
ڈان نیوز کے مطابق قائم مقام چیف جسٹس شجاعت علی خان نے درخواست پر بطور اعتراض سماعت کی۔
سماعت کے دوران درخواستگزار کے وکیل نے بتایا کہ رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کیا تھا کہ آپ متاثرہ فریق نہیں ہیں، میں اس ملک کا شہری ہوں، میں ٹیکس دیتا ہوں۔
جسٹس شجاعت علی نے ریمارکس دیے کہ کیا آپ نے ٹیکس دستاویزات ساتھ لگائے ہیں؟ وکیل نے بتایا کہ رجسٹرار آفس کا اختیار نہیں کہ ایسے اعتراض عائد کرے۔
اس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ رجسٹرار آفس کا اعتراض عائد کرنا نہ کرنا برابر ہے، اب معاملہ عدالت کے سامنے ہے، آپ اپنے ٹیکس ریٹرنز درخواست کے ساتھ لگائیں۔
بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 15 جولائی تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ یکم جولائی کو لاہور ہائی کورٹ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو سینیٹ کی نشست سے نااہل قرار دینے کی درخواست پر سماعت ملتوی کر دی گئی تھی۔
30 جون کو لاہور ہائی کورٹ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو سینیٹ کی نشست سے نااہل قرار دینے کی درخواست سماعت کے لیے مقرر ہوگئی تھی۔
28 جون کو وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو سینیٹ کی نشست سے نااہل قرار دینے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی تھی۔
درخواست شہری مشکور حسین نے ندیم سرور ایڈوکیٹ کی وساطت سے دائر کی
محسن نقوی چئیرمین پی سی بی کا عہدہ رکھتے ہوئے سینیٹر بننے کے اہل نہیں۔ درخواست
سینٹ کی نشست کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت محسن نقوی پی سی بی کے چئیرمین تھے۔ درخواست