• KHI: Maghrib 5:44pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:27pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:30pm
  • KHI: Maghrib 5:44pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:27pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:30pm

سمندری طوفان میں پھنسی بھارتی ٹیم بالآخر نئی دہلی پہنچ گئی

شائع July 4, 2024
فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا

ٹی20 ورلڈکپ 2024 کا فائنل جیتنے کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم سمندی طوفان کے باعث بارباڈوس میں ہی پھنس گئی تھی جو آج خصوصی طیارے کے ذریعے نئی دہلی پہنچ گئی ہے، روہت شرما کی قیادت میں ٹیم نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹی20 ورلڈکپ کی چیمپئن ٹیم آج صبح خصوصی طیارے کے ذریعے نئی دہلی ایئرپورٹ پہنچی، جہاں لاکھوں کی تعداد میں شائقین کرکٹ نے فاتح ٹیم کا استقبال کیا، جب کہ ٹیم کو سخت حفاظتی حصار میں ایئرپورٹ سے ہوٹل پہنچایا گیا۔

رپورٹس کے مطابق ایئر انڈیا کی ایک خصوصی طیارے ’اے آئی سی 24 ڈبلیو سی‘ جس کا مطلب ( ایئر انڈیا چیمپیئنز 24 ورلڈ کپ) کے ذریعے لایا گیا، جو مقامی وقت کے مطابق صبح 4 بجکر 50 منٹ پر روانہ ہوگئی اور نئی دہلی میں صبح 7 بجے لینڈ ہوئی۔

خصوصی طیارے میں ٹیم ارکان کے علاوہ کوچز، معاون عملہ، کھلاڑیوں کے اہلخانہ، بورڈ ممبران کے علاوہ صحافی بھی شامل تھے، ٹی 20 ورلڈکپ جیتنے کے بعد سمندری طوفان کے باعث بارباڈوس میں پھنسے ٹیم ارکان میں وہ کھلاڑی بھی شامل تھے، جنہیں زمبابوے کے خلاف اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا اور انہیں وہاں پہنچنا تھا۔

یاد رہے کہ زمبابوے کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے سنجو سیمسن، یشسوی جیسوال، رنکو سنگھ اور خلیل احمد ورلڈکپ اسکواڈ میں بھی شامل تھے تاہم ان میں سے کسی کھلاڑی کو بھی ٹی20 ورلڈکپ میں موقع نہیں ملا تھا۔

بھارتی کرکٹ ٹیم نے نریندر مودی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، وزیراعظم نے کھلاڑیوں کو ناشتے پر مدعو کیا تھا، مودی نے کھلاڑیوں کو جیت پر مبارکباد دی، جب کہ کھلاڑیوں سے ٹی20 ورلڈکپ کے تجربات بھی سنے، کپتان روہت شرما اور ویرات کوہلی سمیت کھلاڑیوں نے بتایا کہ وہ ان لمحات کو کبھی نہیں بھول پائیں گے۔

بی سی سی آئی کی جانب سے قومی ٹیم کی فتح کی خوشی میں ایک خصوصی کیک بھی تیار کیا گیا تھا جو ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ، کپتان روہت شرما، ویرات کوہلی نے ملکر کاٹا اور شائقین کے ساتھ ملکر جشن منایا۔

واضح رہے کہ ابتدائی طور پر بھارت کرکٹ ٹیم کو اتوار یعنی ورلڈکپ فائنل کے اگلے روز اپنے ملک کے لیے روانہ ہونا تھا تاہم سمندری طوفان کی پیشگوئی کے باعث مقامی حکام نے ہوائی سفر بند کردیا جس کی وجہ سے بھارتی کرکٹ ٹیم بارباڈوس میں ہی پھنس گئی۔

انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق سمندری طوفان بیرل کی پیشگوئی کے باعث بارباڈوس ایئرپورٹ کو بند اور تمام پروازیں منسوخ کر دی گئیں تھیں، یہ کیٹیگری 4 کا (دوسرا شدید ترین) طوفان ہے اور اس لیے ہوائی سفر کے حوالے سے کوئی خطرہ مول نہیں لیا جاسکتا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اپنی ٹیم کو خصوصی طیارے کے ذریعے وطن لانے کا فیصلہ کیا تھا اور پلان کے تحت ٹیم کو 2 جولائی کو مقامی وقت کے مطابق شامل 6 بجے روانہ ہونا تھا تاہم اس میں مزید تاخیر ہوئی اور ٹیم کل شام بارباڈوس سے روانہ ہوئی تھی جو آج صبح نئی دہلی پہنچی۔

واضح رہے کہ 29 جون کو امریکا اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 7 رنز سے شکست دے کر 17 سال بعد ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا عالمی چیمپیئن بنا تھا۔

بھارتی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں ورلڈ کپ میں مسلسل ناکام رہنے والے ویرات کوہلی کے 74 رنز کی مدد سے 7 وکٹوں پر 176 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی، جواب میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 8 وکٹوں پر 169 رنز بنا سکی۔

کارٹون

کارٹون : 17 نومبر 2024
کارٹون : 16 نومبر 2024