• KHI: Fajr 5:49am Sunrise 7:11am
  • LHR: Fajr 5:29am Sunrise 6:56am
  • ISB: Fajr 5:38am Sunrise 7:07am
  • KHI: Fajr 5:49am Sunrise 7:11am
  • LHR: Fajr 5:29am Sunrise 6:56am
  • ISB: Fajr 5:38am Sunrise 7:07am

ٹی20 ورلڈکپ ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان، 6 بھارتی کھلاڑی شامل

شائع July 1, 2024
فوٹو: آئی سی سی
فوٹو: آئی سی سی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی20 ورلڈکپ 2024 کی ’ٹیم آف دی ٹورنامنٹ‘ کا اعلان کردیا، روہت شرما کی قیادت میں ٹیم میں 6 بھارتی، 3 افغانی کھلاڑی شامل ہیں، جب کہ ویسٹ انڈیز، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کا ایک ایک کھلاڑی شامل ہے۔

آئی سی سی کے مطابق ٹی 20 ورلڈکپ 2024 کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کی قیادت بھارت کو عالمی چیمپئن بنوانے والے کپتان روہت شرما کو سونپی گئی ہے، جنہوں نے میگا ایونٹ میں 36.71 کی اوسط اور 156.7 کے اسٹرائیک ریٹ سے 257 رنز بنائے جس میں 3 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔

اننگز کا آغاز کرنے کے لیے روہت شرما کے ساتھ افغانستان کے جارح مزاج بلے باز رحمٰن اللہ گرباز کو رکھا گیا ہے، جنہوں نے ٹی20 ورلڈکپ میں 35.12 کے اوسط اور 124.33 کے اسٹرائیک ریٹ سے 281 رنز بنائے جس میں 3 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے وکٹ کیپر بلے باز نکولس پورن کو نمبر 3 پر رکھا گیا ہے، جنہوں نے 38 کے رن ریٹ اور 146.15 کے اسٹرائیک ریٹ سے میگا ایونٹ میں 228 رنز بنائے، جس میں ایک ففٹی بھی شامل ہے۔

چوتھی پوزیشن پر بھارت کے سوریا کمار یادوو کو رکھا گیا ہے، جو اس ایونٹ میں 28.42 کی اوسط اور 135.37 کے اسٹرائیک ریٹ سے 2 نصف سنچریوں کے ساتھ 199 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

آسٹریلیا کے مارکس اسٹوئنس کو بطور آل راؤنڈر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جنہوں نے ٹی20 ورلڈکپ میں 164 کے اسٹرائیک ریٹ سے 169 رنز بنائے اور وہ 10 وکٹیں بھی حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی20 ورلڈکپ کے فائنل میں بھارت کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا بھی ٹیم کا حصہ ہیں، جنہوں نے 151.57 کے اسٹرائیک ریٹ سے 144 رنز بنائے اور 11 وکٹیں حاصل کیں۔

ٹی20 ورلڈکپ میں اپنی اسپن باؤلنگ اور بیٹنگ سے بھارت کی جیت میں نمایاں کردار ادا کرنے والے اکشر پٹیل نے 139.39 کے اسٹرائیک ریٹ سے 92 رنز بنائے اور 9 وکٹیں حاصل کیں، وہ بھی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں شامل ہیں۔

ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں اپنی کارکردگی سے سب کو حیران کرنے والی افغان ٹیم کے کپتان راشد خان بھی اس ٹیم کا حصہ ہیں، جنہوں نے ٹورنامنٹ میں 14 وکٹیں حاصل کیں۔

ٹی20 ورلڈکپ میں مین آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ لینے والے بھارت کے مرکزی باؤلر جسپریت بمبرا بھی اسکواڈ میں شامل ہیں، جنہوں نے ایونٹ میں 15 وکٹیں حاصل کیں۔

بھارت کے لیے ورلڈکپ میں 17 وکٹیں حاصل کرنے والے ارشدیپ سنگھ بھی ٹی20 ورلڈکپ آف دی ٹورنامنٹ کی ٹیم کا حصہ ہیں۔

افغانستان کے فاسٹ باؤلر فضل الحق فاروقی کو بھی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جنہوں نے ورلڈکپ میں 17 وکٹیں حاصل کیں۔

تاریخ میں پہلی بار ورلڈکپ کا فائنل کھیلنے والی ٹیم جنوبی افریقہ کے اہم ترین باؤلر اینگریخ نوکیا کو 12 کھلاڑی کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جنہوں نے میگا ایونٹ میں 15 وکٹیں حاصل کیں۔

کارٹون

کارٹون : 17 دسمبر 2024
کارٹون : 16 دسمبر 2024