• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

بھارت کارگل جنگ میں حمایت کے بدلے اسرائیل کو ہتھیار فراہم کررہا ہے، سابق سفیر کا دعویٰ

شائع June 26, 2024
— فائل فوٹو: اجیت دووال ایکس
— فائل فوٹو: اجیت دووال ایکس

بھارت میں اسرائیل کے سابق سفیر ڈینیئل کارمون نے دعویٰ کیا ہے کہ ہوسکتا ہے بھارت نے اسرائیل کو غزہ کے ساتھ اپنی جنگ میں 1999 کی کارگل جنگ کے دوران اسرائیل کی حمایت کا ’احسان چکانے‘ کے طور پر ہتھیار فراہم کیے ہوں۔

انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے ینیٹ نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈینیئل کارمون نے کہا کہ اسرائیل ان چند ممالک میں سے ایک ہے جنہوں نے پاکستان کے ساتھ جنگ ​​کے دوران بھارت کو ہتھیار فراہم کیے تھے۔

2014 سے 2018 تک بھارت میں اسرائیل کے سفیر رہنے والے ڈینیئل کارمون نے کہا کہ ’بھارتی ہمیں ہمیشہ یاد دلاتے ہیں کہ کارگل جنگ کے دوران اسرائیل ان کے ساتھ تھا، بھارتی یہ نہیں بھولتے اور اب شاید یہ احسان چکا رہے ہوں۔‘

1999 کی کارگل جنگ کے دوران، اسرائیل نے بھارت کو گائیڈڈ گولا بارود اور ڈرون سمیت فوجی ساز و سامان فراہم کیا تھا۔

ڈینیئل کارمون کا یہ تبصرہ ان اطلاعات کے درمیان آیا ہے کہ بھارت نے، اسرائیل کو غزہ کے ساتھ اپنی جنگ میں ڈرون اور آرٹلری گولے فراہم کیے ہیں، کیونکہ اسرائیل میں اس کی سپلائی کم ہے۔

فروری میں، میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ بھارت نے اسرائیل کو حیدرآباد میں تیار کردہ جدید ہرمیس 900 ڈرون فراہم کیے ہیں۔

حیدرآباد کی سہولت اسرائیل نے بھارتی فوج کے لیے سامان تیار کرنے کے لیے قائم کی تھی۔ تاہم، اسرائیلی ڈیفنس فورسز کے استعمال کے لیے تقریباً 20 ڈرون بھیجے گئے تھے۔

تاہم بھارت نے ان رپورٹس کی تصدیق نہیں کی ہے اور ڈینیئل کارمون کے تبصرے پر اب تک کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔

مئی میں، اسپین نے ایک مال بردار بحری جہاز ’ماریانے ڈینیکا‘ کو اسرائیل جاتے ہوئے کارٹیہینا بندرگاہ پر ڈاک کرنے سے روک دیا تھا۔

ینیٹ نیوز کی خبر کے مطابق یہ جہاز، جو چنئی سے آرہا تھا، 27 ٹن فوجی سامان لے کر جا رہا تھا۔

غزہ کے ساتھ اسرائیل کی جنگ اب آٹھویں مہینے میں داخل ہو چکی ہے، جس میں 38 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 28 نومبر 2024
کارٹون : 27 نومبر 2024