• KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 11:59am Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 11:59am Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 3:24pm

ٹی20 ورلڈکپ: افغان کرکٹر کی ’انجری‘ پر آسٹریلوی کپتان کا دلچسپ ردعمل

شائع June 26, 2024
فوٹو: کرکٹ ڈاٹ کام
فوٹو: کرکٹ ڈاٹ کام

آسٹریلیا کے کپتان مچل مارش نے ٹی20 ورلڈکپ کے سپر ایٹ مرحلے میں بنگلہ دیش کے خلاف انتہائی اہم موقع پر افغان کرکٹر گلبدین نائب کے انجری کے معاملے کو مزاحیہ لمحہ قرار دے دیا۔

کرکٹ ڈاٹ کام کے مطابق آسٹریلیا کے کپتان مچل مارش نے افغان کرکٹر گلبدین نائب کی انجری کو مزاحیہ لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا ’میری آنکھوں سے آنسو آرہے تھے اور میں ہنس رہا تھا، کیوں کہ کرکٹ میدان میں اس سے قبل ایسی کوئی چیز میں نے نہیں دیکھی‘.

مچل مارش کا کہنا تھا کہ میچ پر اس معاملے کا کوئی اثر نہیں ہوا، آخر میں ہم اس حرکت پر صرف ہنس سکتے ہیں لیکن یہ گلبدین کا کمال تھا۔

یاد رہے کہ امریکا اور ویسٹ انڈیز میں جاری ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے سپر ایٹ مرحلے کے آخری میچ میں افغانستان نے بنگلہ دیش کو 115 رنز کا ہدف دیا لیکن بارش کی وجہ سے ایک اوور کم کرکے یہ ہدف 114 رنز کردیا گیا۔

دوسری اننگز کے 12ویں کے دوران ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت بنگلہ دیش 2 رنز پیچھے تھا، اس دوران افغانستان کے کوچ جوناتھن ٹروٹ کی جانب سے میچ کو سلو کرنے کے لیے ایک اشارہ دیا گیا، جسے دیکھتے ہوئے سلپ میں کھڑے افغان کرکٹر گلبدین نائب اچانک اپنی ٹانگ پکڑ کر لیٹ گئے، جیسا کہ وہ شدید تکلیف میں مبتلا ہوں۔

بعد ازاں، گلبدین نائب کو ساتھی کھلاڑی کاندھے پر اٹھاکر باہر لے گئے اور میچ کچھ دیر کے لیے روکنا پڑا اور اتنے میں بارش ہوگئی، البتہ تھوڑی دیر بعد ہی بارش رک گئی اور میچ دوبارہ شروع ہوگیا۔

حیران کن طور پر کچھ دیر پہلے تک ساتھی کھلاڑی کے کاندھوں پر میدان سے باہر جانے والے گلبدین نائب اوور کروانے کے لیے تیار تھے، اور انہوں نے اس مرحلے پر ایک اہم وکٹ بھی حاصل کی، جس سے ان کی انجری کا ڈراما بے نقاب ہوگیا۔

واضح رہے کہ اگر اس موقع پر بارش نہیں رکتی اور میچ شروع نہیں ہوتا تو افغانستان کو 2 رنز سے فاتح قرار دے دیا جاتا، تاہم میچ مکمل ہوا اور افغانستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو ڈی ایل ایس سسٹم کے تحت 8 رنز سے شکست دی۔

افغانستان تاریخ میں پہلی بار ٹی20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوا اور افغانستان کی جیت کے ساتھ ہی آسٹریلیا کے سیمی فائنل کھیلنے کے ارمان خاک میں مل گئے۔

دوسری جانب، بھارت کے اسپنر روی چندر ایشون نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر لکھا ’گلبدین نائب کو ریڈ کارڈ دکھایا جائے‘ ۔

جس پر گلبدین نائب نے جواب دیا ’ کبھی خوشی کبھی غم میں ہوتی ہے، انجری’۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2024
کارٹون : 17 دسمبر 2024