• KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:07pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:12pm Asr 5:12pm
  • KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:07pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:12pm Asr 5:12pm

مضبوط رہو میرے بھائی، قومی کرکٹرز کا حارث رؤف کو پیغام

شائع June 18, 2024
فوٹو: سوشل میڈیا
فوٹو: سوشل میڈیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے موجودہ اور سابق کرکٹرز قومی فاسٹ باؤلر حارث رؤف کی حمایت میں سامنے آگئے۔

امریکا اور ویسٹ انڈیز میں جاری ٹی20 ورلڈکپ کے پہلے ہی راؤنڈ سے باہر ہونے والی قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا فلوریڈا سے وطن واپسی کا سفر شروع ہوگیا ہے تاہم عماد وسیم، محمد عامر، حارث رؤف، شاداب خان اور اعظم خان کچھ روز امریکا میں ہی قیام کریں گے۔

فلوریڈا میں موجود قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں انہیں ایک مداح کے ساتھ تکرار کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

حارث رؤف اپنی اہلیہ کے ہمراہ چہل قدمی کررہے تھے کہ اس دوران ایک مداح نے ان سے تصویر لینے کا مطالبہ کیا اور پھر مداح نے کچھ نازیبا کلمات ادا کیے جس پر حارث رؤف انہیں مارنے کے لیے دوڑے لیکن اس دوران وہاں موجود دیگر لوگوں نے معاملہ ختم کروایا۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں لکھا ’آپ جو بھی ہوں ایسی زبان کے استعمال کی ہمیشہ مذمت کرنی چاہیے‘، انہوں نے حارث رؤف کو پیغام دیا مضبوط رہو میرے بھائی۔

قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان نے بھی حارث رؤف کے معاملے پر اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ہماری کارکردگی پر تنقید کرنا شائقین کرکٹ کا حق ہے، ہم اسے تسلیم کرتے ہیں، غلطیوں سے سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں، تاہم کسی پر ذاتی حملہ ٹھیک نہیں ہے۔

انہوں نے لکھا ’ کسی پر ان کی فیملی کی موجودگی پر ذاتی حملہ کرنا ٹھیک نہیں ہے’، آپ کیا محسوس کریں گے جب کوئی خاندان کے ساتھ آپ پر ذاتی حملہ کرے’۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ میں نے سوشل میڈیا پر حارث رؤف کی ویڈیو دیکھی، میں تمام شائقین سے گزارش کرتا ہوں کہ تنقید ضرور کریں لیکن اہل خانہ کا احترام مت بھولیں۔

انہوں نے مزید کہا ’آئیں ملکر محبت، امن واحترام اور کرکٹ کے لیے محبت کو فروغ دیں، ہم سب پاکستان کرکٹ کی بہتری چاہتے ہیں۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان اور سابق ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ نے حارث رؤف کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شائقین کو کرکٹرز کی نجی زندگی کا احترام کرنا چاہیے۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا ’شائقین کو معلوم ہونا چاہیے، کرکٹر کی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کے درمیان حدود کا احترام کیسے کرنا ہے، یہ بنیادی اخلاقیات ہیں اور ایک عاجزانہ درخواست ہے۔

حارث رؤف نے کیا کہا؟

حارث رؤف نے مائیگرو بلاگنگ ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں کہا ’اس معاملے کو سوشل میڈیا پر نہیں لانا چاہتا تھا لیکن اب ویڈیو سامنے آچکی ہے، تو میں اس صورتحال پر بات کرنا ضروری سمجھتا ہوں‘۔

انہوں نے کہا کہ عوامی شخصیت ہونے کے ناطے ہر ہر قسم کے مثبت اور منفی فیڈبیک کے لیے تیار رہتے ہیں، مداحوں کو پورا حق حاصل ہے کہ وہ ہمیں تنقید کا نشانہ بنائیں یا ہماری حمایت کریں۔

حارث رؤف کا کہنا تھا کہ جب کوئی میرے والدین اور فیملی سے متعلق بات کرے گا تو یہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور انہیں اسی زبان میں جواب دیا جائے گا، ہمیں لوگوں اور ان کی فیملیز کا احترام کرنا چاہیے، خواہ وہ کسی بھی پیشے سے تعلق رکھتے ہوں۔

چیئرمین پی سی بی کا رد عمل

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ حارث رؤف کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی سختی سے مذمت کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں کے ساتھ ایسے واقعات ناقابل قبول ہیں اور ان واقعات کو برداشت نہیں کیا جائے گا، اس واقعے میں جو لوگ ملوث ہیں، وہ فوری طور پر حارث رؤف سے معافی مانگیں اور اگر معافی نہ مانگی گئی تو ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 3 جولائی 2024
کارٹون : 2 جولائی 2024