• KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:02pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:02pm
  • KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:02pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:02pm

بھارت سے شکست کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں، توقعات پر پورا نہ اترنے کا افسوس ہے، عماد وسیم

شائع June 16, 2024
فوٹو: سوشل میڈیا
فوٹو: سوشل میڈیا

قومی ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے کہا ہے کہ بھارت سے شکست کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں، بھارت سے میچ ختم کرنا میری ذمہ داری تھی جو میں نہیں کرسکا، جس کا افسوس مجھے ہے اور ہمیشہ رہے گا۔

آئرلینڈ کے خلاف میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے عماد وسیم نے بھارت سے شکست کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا گیم پلان یہی تھا کہ میچ کو آخر تک لے کر جانا ہے کیوں کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار نہیں تھی، بدقسمتی سے میں اپنے پلان پر عملدرآمد نہیں کرواسکا، بھارت نے بہت اچھی باؤلنگ کی اور ہمیں زیادہ کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔

امریکا اور بھارت سے شکست پر انہوں نے کہا کہ یہ کسی بھی ایک یا دو کھلاڑیوں کا کام نہیں ہوتا، جو بھی ہوتا ہے ٹیم ورک کے نتیجے میں ہوتا ہے، بھارت سے شکست کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں، بھارت سے میچ ختم کرنا میری ذمہ داری تھی جو میں نہیں کرسکا، جس کا افسوس مجھے ہے اور ہمیشہ رہے گا۔

ریٹائرمنٹ سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئرلینڈ سے ہمارا آخری میچ ہے، اس کے بعد جو بھی کروں گا، سوچ سمجھ کر فیصلہ کروں گا، جب کہ چیئرمین پی سی بی بھی ٹیم سے متعلق کچھ فیصلے کریں گے۔

عماد وسیم کا کہنا تھا کہ جس طرح وائٹ بال کرکٹ کھیلنی چاہیے پاکستان کو بھی ویسی کرکٹ کھیلنے چاہیے اور جس طرح دنیا کی باقی ٹیمیں کرکٹ کھیل رہی ہیں، ہمیں بھی ویسی کرکٹ کھیلنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی غلطیوں کو دیکھنا ہوگا کہ ہم سے کیا غلطیاں ہوئیں اور ان پر قابو پانے کی ضرورت ہے، بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کو مزید بہتر کرنا ہوگا، ٹی20 میں کچھ بھی ہوسکتا ہے لیکن ہمیں امریکا سے میچ نہیں ہارنا چاہیے تھا اور بھارت کے خلاف ہم جیتی ہوئی بازی ہارگئے، ان سب چیزوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

قومی ٹیم کے آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ اس طرح کبھی باہر نہیں ہوئی، جتنا قوم کو ہماری کارکردگی پر افسوس ہے اس سے زیادہ ہمیں اس کا بات اندازہ ہے، کیوں کہ ہم پروفیشنل کرکٹرز ہیں اور یہ ہمارا کام ہے، لیکن جب آپ گرتے ہیں تو اس کے بات اٹھ کر کس طرح کا رد عمل دیتے ہیں، وہ زیادہ اہم ہے۔

ٹی 20 ورلڈکپ میں بدترین کارکردگی کے بعد چیئرمین پی سی بی کی جانب سے ٹیم میں سرجری سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات کا بالکل بھی علم نہیں ہے، لیکن چیئرمین نے ایسا کہا ہے تو اس حوالے سے وہ جو بھی کریں گے، ہمیں وہ تسلیم کرنا ہوگا۔

بھارت کے خلاف میچ کے دوران ان فٹ ہونے سے متعلق سوال پر عماد وسیم نے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں، میں مکمل فٹ تھا، میڈیکل پینل نے مجھے 100 فیصد فٹ قرار دیا تھا، جب ہم میچ ہارتے ہیں تو لوگ بہت سی باتیں کرتے ہیں، لیکن میڈیا میں گردش کرنے والی بہت سی باتوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں ابتدائی دو میچز امریکا اور بھارت کے خلاف ہارنے کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگیا ہے، جب کہ پاکستان نے اپنے تیسرے میچ میں کینیڈا کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

قومی ٹیم ورلڈکپ میں اپنا آخری میچ آج آئرلینڈ کے خلاف فلوریڈا میں کھیلے گی، جہاں آج بارش کے امکانات کم ہیں، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2024
کارٹون : 17 دسمبر 2024