ٹی 20 ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ نے نیدرلینڈز کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ ’ڈی‘ کے میچ میں جنوبی افریقہ نے نیدرلینڈز کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا۔
نیویارک میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور وقتاً فوقتاً وکٹیں نیدرلینڈز کو مقرر اوورز میں 103 رنز سے آگے نہ بڑھنے دیا۔
نیدرلینڈز کے سیبرانڈ اینگلبریخت کے 40 اور لوگان وین بیک کے 23 رنز کی بدولت ڈچ ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر یہ اسکور بنا پائی۔
پروٹیز کی جانب سے اوٹنیل بارٹمین نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ مارکو جانسن اور آنرخ نارٹجے نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
چھوٹے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ایسا لگ رہا تھا کہ ایک اور بڑا اپ سیٹ ہونے جارہا ہے کیونکہ پروٹیز کے 4 کھلاڑی محض 12 کے مجموعے پر پویلین لوٹ چکے تھے۔
تاہم پھر ٹرسٹن اسٹبس اور تجربہ کار ڈیوڈ ملر نے ٹیم کو سہارا دیا اور مجموعی اسکور 77 رنز تک پہنچایا، جس کے بعد اسٹبس 33 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔
جنوبی افریقہ کے چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مارکو جانسن تھے جنہوں نے 3 رنز بنائے، لیکن ڈیوڈ ملر کے 51 گیندوں پر 59 رنز کی ناقابل شکست اننگز نے جنوبی افریقہ کو 19ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر فتح دلا دی۔
نیدرلینڈز کی ویویان کِنگما اور لوگان وین بیک نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ بیس ڈی لیڈے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کر پائے۔