پاکستان اور چینی صوبے شانشی میں زراعت، توانائی اور کان کنی کے شعبوں میں تعاون پر اتفاق
پاکستان اور چینی صوبے شانشی میں زراعت، توانائی اور کان کنی کے شعبوں میں تعاون پر اتفاق ہوگیا اور وزیر اعظم شہباز شریف نے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے مصدق ملک کی سربراہی میں کمیٹی بنادی۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے صوبائی دارالحکومت شی آن میں شانشی کے پارٹی سربراہ سے ملاقات ہوئی۔ صوبہ شانشی کے پارٹی سربراہ جاؤ ایدا نے وزیراعظم اور پاکستانی وفد کا خیر مقدم کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ شی آن کی قیادت اور عوام کے پرتپاک استقبال پر مشکور ہیں، شی آن میں تاریخی مقامات پر چینی کاریگروں کی ہنر مندی نے متاثر کیا، چین بالخصوص شانشی حکومت نے تاریخی اور ثقافتی ورثے کی حفاظت کی ہے، جبکہ ہمارے دورہ چین میں پاکستانی وفد کو تاریخی استقبالیہ دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز چین کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کامیاب رہی، صدر شی جن پنگ سے شاندار عشائیے کے دوران خوشگوار گفتگو ہوئی، پاکستان اور چین دو آہنی بھائی ہیں، پاک ۔ چین شراکت داری، تعاون اور برادرانہ تعلقات مثالی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی جس پر پوری قوم مشکور ہے، شانشی نے کورونا وبا کے دوران پاکستانیوں کی بھرپور مدد کی، چینی قیادت کی ترقی پسندانہ سوچ نے چین کو دنیا کی بڑی اقتصادی قوت بنایا، جبکہ پوری دنیا میں شانشی جدید زراعت اور گرین انرجی میں مثالی نام رکھتا ہے۔
انہوں نے شانشی کو پاکستان کے ساتھ زراعت میں تعاون کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان، شانشی سے جدید زراعت اور گرین انرجی کے شعبے میں بہت کچھ سیکھ سکتا ہے، جدید زراعت سے اجناس کی پروسیسنگ سے برآمدات کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں، جبکہ حکومت کی اولین ترجیح ملکی برآمدات میں اضافہ اور بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ ہے۔
شانشی کے پارٹی سربراہ جاؤ ایدا نے وزیر اعظم کو شانشی اور شی آن کی اقتصادیات اور مصنوعات پربریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور شانشی کے مابین تجارت کے فروغ کے وسیع موقع موجود ہیں جبکہ پاکستانی زراعت اور گرین انرجی سے متعلق ہر قسم کی معاونت کے لیے تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی چینی قیادت سے کامیاب اور سودمند ملاقاتیں خوش آئند ہیں، شی آن کی جامعات میں پاکستانی طلبہ کی کثیر تعداد زیر تعلیم ہے جبکہ پاکستان اور چین کے تعلقات گہرے اور مضبوط ہیں۔