• KHI: Zuhr 12:27pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:58am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 12:03pm Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:27pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:58am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 12:03pm Asr 3:23pm

سائرہ اور شہروز 6 سال ساتھ پڑھے،7 برس شریک حیات رہے، بہروز سبزواری

شائع June 7, 2024

سینیئر اداکار بہروز سبزواری نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے بیٹے شہروز سبزواری اور ان کی سابق بہو سائرہ یوسف 6 سال تک ساتھ پڑھتے رہے جب کہ 7 سال تک شریک حیات رہے۔

بہروز سبزواری نے حال ہی میں جاوید شیخ کے ہمراہ سما ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے بیٹے اور سابق بہو کی زندگی اور معاملات پر کھل کر بات کی۔

بہروز سبزواری نے سابق بہو سائرہ یوسف اور نئی بہو صدف کنول کی تعریفیں بھی کیں اور کہا کہ دونوں نے شوہر کی طلاق اور شادی کا معاملہ بہتر انداز میں حل کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے بیٹے شہروز اور سائرہ یوسف کے اگر ذہن نہ مل سکے اور انہوں نے بطور میاں اور بیوی زندگی نہیں گزاری تو اس میں کسی کا قصور نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ والدین کی رضامندی سمیت پیار والی شادیاں بھی ناکام ہوجاتی ہیں، اس میں کسی کا کوئی قصور نہیں ہوتا۔

بہروز سبزواری نے بتایا کہ ان کے بیٹے شہروز اور سائرہ یوسف شادی سے قبل 6 سال تک ایک ساتھ پڑھتے رہے جب کہ رشتہ ازدواج میں بندھنے کے بعد بھی شریک سفر کے طور پر سات سال ساتھ رہے لیکن اس باوجود ان کے ذہن نہ مل پائے۔

اداکار کے مطابق دونوں کے درمیان طلاق ہوجانے کے باوجود وہ آج بھی سائرہ یوسف کو بیٹی سمجھتے اور کہتے ہیں جب کہ ان کی بیٹی نورے تو ان کے جگر کا ٹکڑا ہے۔

سینیئر اداکار نے شہروز سبزواری کی سائرہ یوسف سے طلاق جب کہ ماڈل صدف کنول سے شادی کے معاملات کو بہتر انداز میں سر انجام دینے پر دونوں خواتین کی تعریفیں بھی کیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بیٹے کی طلاق کے بعد لوگوں نے انہیں بھی برا بھلا کہا لیکن وہ اور ان کی اہلیہ خاموش رہے اور لوگوں کے طعنے برداشت کرتے رہے مگر اب وہ بہت خوش اور مطمئن ہیں۔

خیال رہے کہ سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری نے 2012 میں شادی کی تھی اور ان کی ایک بیٹی نورے بھی ہے جب کہ ان کے درمیان 2020 میں طلاق ہوگئی تھی۔

دونوں کے درمیان طلاق کے کچھ عرصے بعد ہی شہزور سبزواری نے ماڈل صدف کنول سے دوسری شادی کرلی تھی اور ان سے بھی اداکار کو ایک بیٹی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2024
کارٹون : 13 دسمبر 2024