شوہر کو دوسری بیوی اکساتی تھی، خلع لینے کا ارادہ تھا، سابق ماڈل زینب جمیل
مذہب اسلام کی خاطر شوبز اور ماڈلنگ سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی زینب جمیل نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے شوہر کو ان کی دوسری اہلیہ ان پر تشدد اور پابندیاں لگانے کے لیے اکساتی تھیں جب کہ وہ شادی شدہ زندگی سے تنگ تھیں اور خلع لینے کی خواہش مند تھیں۔
زینب جمیل پر گزشتہ ماہ 22 مئی کو پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے پرتعیش علاقے ڈی ایچ اے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی تھی، جس میں شدید زخمی ہوگئی تھیں۔
زینب جمیل پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ دو نامعلوم افراد پر درج بھی کیا گیا تھا، ان کے شوہر نے مذکورہ کیس میں عدالت سے ضمانت لے رکھی ہے جب کہ پولیس سابق ماڈل پر فائرنگ کرنے والے دو مرکزی ملزمان کو حال گرفتار نہیں کر سکی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی زینب جمیل پر حملے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو جلد ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔
زینب جمیل تاحال ہسپتال میں زیر علاج ہیں، انہیں چہرے سمیت جسم کے دیگر حصوں پر 6 گولیاں لگی تھیں اور وہ مزید کئی دن تک زیر علاج رہیں گی۔
ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے دوران ہی زینب جمیل نے متعدد یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا اسٹارز کو انٹرویوز دیے، جن میں انہوں نے اپنی شادی شدہ زندگی کے مسائل پر کھل کر باتیں کی۔
اداکارہ نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ان کے شوہر دوسری اہلیہ کے اکسانے اور کہنے پر ان پر تشدد اور سختیاں کرتے تھے، انہیں دھمکیاں تک دیتے تھے لیکن وہ ان کی دھمکیوں کو مذاق سمجھ کر ٹال دیتی تھیں۔
ان کے مطابق دوسری اہلیہ ان کے شوہر کو اکساتی تھیں کہ زینب جمیل انسٹاگرام چلاتی ہیں جو کہ غلط ہے، اس کی دیکھا دیکھا خاندان کی دوسری لڑکیاں بھی انسٹاگرام چلائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ دوسری بیوی کے اکسانے پر ہی ان کے شوہر نے ان پر حملہ کروایا۔
ایک اور انٹرویو میں زینب جمیل کا کہنا تھا کہ انہوں نے شوہر کی دھمکیاں اور تشدد پر اپریل 2024 میں ہی لاہور پولیس میں رپورٹ درج کروائی تھی لیکن ان کے شوہر نے پیسے دے کر مذکورہ کیس ختم کروا دیا تھا۔
ان کے مطابق شوہر انہیں ہر وقت تشدد کا نشانہ بنانے سمیت انہیں انسٹاگرام استعمال کرنے سے منع کرتے تھے جب کہ انہیں گھر کی اخراجات کی مد میں بھی انتہائی کم پیسے دیے جاتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ شوہر کی جانب سے پیسے کم دیے جانے پر انہوں نے انسٹاگرام چلا کر پیسے کمانے کا فیصلہ کیا، جس پر شوہر نے انہیں کہا کہ اگر وہ ایسا کرتی ہیں تو پہلے ان سے خلع حاصل کریں۔
زینب جمیل کے مطابق انہوں نے شوہر کو کہا کہ وہ ان سے خلع لینا چاہتی ہیں لیکن اس کے انہیں کچھ وقت دیا جائے لیکن اس سے قبل ہی شوہر نے ان پر حملہ کروادیا۔
سابق ماڈل نے بتایا کہ جیسے ہی ان کی شادی ہوئی تھی اس کے بعد ان کی ایک نند نے انہیں کہا تھا کہ ان کا خاندان ان کی زندگی عذاب بنا دے گا اور ایسا ہی ہوا۔
ان کے مطابق انہیں جینز پینٹ شرٹ پہننے سے روکا جاتا تھا، انہیں اپنی مرضی سے کوئی کام نہیں کرنے دیا جاتا تھا اور ساتھ ہی انہیں ہر وقت دھمکیاں دی جاتی تھیں لیکن وہ یہ سوچ کر خاموش ہوجاتی تھیں کہ وہ دو بچوں کی ماں ہیں، انہیں کیسے شوہر ماریں گے؟