• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

بھارت میں ہیٹ ویو سے انتخابی عملے سمیت 33 افراد ہلاک

شائع June 2, 2024
فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

بھارت میں عام انتخابات کے ساتویں اور آخری مرحلے میں ریاست اترپردیش، بہار اور اڑیسا میں ہیٹ ویو کی وجہ سے 33 افراد ہلاک ہوگئے، جن میں انتخابی عملے کے اہلکار بھی شامل ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے (رائٹرز) کے مطابق بھارت اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے اور دارالحکومت نئی دلی کے مختلف حصوں میں گزشتہ روز ملکی تاریخ کا بلند ترین درجہ حرارت 52.9 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، تاہم بھارتی محکمہ موسمیات نے موسم ریکارڈ کرنے والے سینسر کی خرابی کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ سینسر نے درجہ حرارت 3 ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا۔

بھارت میں شدید گرمی کے باعث مختلف ریاستوں سے انتخابی عملے سمیت دیگر افراد کے اموات کی اطلاعات موصول ہوئی، کئی مقامات پر درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا، بھارت کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے کہا کہ ریاست اتر پردیش کے جھانسی میں درجہ حرارت 46.9 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

بھارت کی شمالی ریاست اتر پردیش کے چیف الیکٹورل آفیسر نودیپ رِنوا نے دعویٰ کیا ہے کہ انتخابات کے ساتویں اور آخری مرحلے کے دوران 33 اہلکار گرمی کی وجہ سے ہلاک ہوئے، ان اعداد و شمار میں سیکیورٹی گارڈز اور صفائی کا عملہ بھی شامل تھا۔

نودیپ رنوا نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کو 18 ہزار ڈالر کا مالی معاوضہ فراہم کیا جائے گا، انہوں نے بتایا کہ پولنگ کے آخری روز ووٹ ڈالنے کے لیے قطار میں کھڑا ایک شخص بے ہوش ہوگیا تھا، جب اسے طبی امداد فراہم کرنے کے لیے لے جایا گیا تو ڈاکٹرز نے اسے مردہ قرار دیدیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جب کوئی شخص پانی کی کمی کا شکار ہوتا ہے تو شدید گرمی کی وجہ سے اس کا خون گاڑھا ہو جاتا ہے اور اعضاء بند ہو جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارتی لوک سبھا یعنی انڈین پارلیمان کے ایوانِ زیریں کے انتخابات کے ساتویں مرحلے کی پولنگ ختم ہونے کے ساتھ ہی ووٹ ڈالنے کا عمل مکمل ہوگیا اور ٹی وی ایگزٹ پول میں حکمران جماعت کی جیت کی پیش گوئی کردی گئی ہے، جس کے ساتھ ہی نریندر مودی کا تیسری بار وزیراعظم بننے کا امکان ہے، تاہم ان نتائج کا حتمی اعلان 4 جون کو کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024