• KHI: Zuhr 12:37pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:07pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:12pm Asr 5:12pm
  • KHI: Zuhr 12:37pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:07pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:12pm Asr 5:12pm

’او خدایا! اسرائیلی بمباری کا خاتمہ فرما‘ شوبز شخصیات رفح بمباری پر اشکبار

شائع May 29, 2024
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

اسرائیل کی جانب سے اقوام متحدہ (یو این) کی جانب سے محفوظ قرار دیے گئے فلسطینی علاقے رفح میں شدید بمباری پر جہاں دنیا کی ہر آنکھ اشکبار ہے، وہیں پاکستانی شوبز شخصیات بھی غمزدہ ہیں۔

ماہرہ خان سے لے کر یمنیٰ زیدی، ذوالفقار علی بھٹو جونیئر سے لے کر آمنہ الیاس اور عمیر جسوال سے لے کر نادیہ حسین تک متعدد شوبز شخصیات نے اسرائیلی بمباری کو فلسطینیوں کی نسل کشی قرار دیتے ہوئے دنیا سے صیہونی ریاست کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا مطالبہ کیا۔

اسرائیلی طیاروں نے 27 مئی کو رفح کے پناہ گزین کیمپ پر بمباری کی، جس سے کم سے کم 45 بچے، خواتین اور افراد شہید ہوگئے تھے۔

رفح پر اسرائیلی بمباری پر دنیا بھر کی جانب سے شدید مذمت کی گئی جب کہ اقوام متحدہ کے نمائندوں نے صیہونی ریاست پر پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

رفح پر بمباری کے بعد جہاں پاکستان سمیت دنیا بھر کی ہر آنکھ اشکبار دکھائی دی، وہیں پاکستانی شوبز شخصیات نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے فلسطینیوں سے اظہار ہمدردی کیا۔

شوبز شخصیات نے رفح میں اسرائیلی بمباری کی گرافکس اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کی مدد سے تیار شدہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے فلسطینیوں کی شہادت کو واضح نسل کشی قرار دیا۔

ماہرہ خان، یمنیٰ زیدی، آمنہ الیاس، نیمل خاور، صحیفہ جبار خٹک، عمیر جسوال، علی رحمٰن خان، عائشہ عمر اور زارا ترین سمیت دیگر شخصیات نے بھی انسٹاگرام پر رفح پر بمباری کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے دنیا سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔

جہاں شوبز شخصیات نے اسرائیلی بمباری کی شدید مخالفت کی، وہیں اداکاروں نے دعا کی کہ خدا اسرائیلی بمباری کا خاتمہ کریں اور فلسطینی سکھ کا سانس لیں۔

خیال رہے کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطین پر گزشتہ برس اکتوبر سے حملے اور بمباری جاری ہے۔

گزشتہ ہفتے فلسطینی وزارت صحت نے بتایا تھا کہ 7 اکتوبر 2023 کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں اب تک 36 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 4 جولائی 2024
کارٹون : 3 جولائی 2024