• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

برطانیہ: فلسطین کی حمایت میں ریلی، پولیس نے 40 افراد کو گرفتار کر لیا

شائع May 29, 2024

برطانیہ کے دارالحکومت لندن کی پولیس نے فلسطین کی حمایت میں نکالی جانے والی ریلی کے بعد مظاہرین کے منتشر نہ ہونے پر 40 افراد کو گرفتار کر لیا۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق برطانیہ کی پولیس نے بدھ کو کہا کہ غزہ میں اسرائیل کی تازہ کارروائی کے خلاف لندن میں ہونے والے احتجاج کے بعد مظاہرین کے منتشر ہونے سے انکار کرنے پر 40 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ 3 اہلکار زخمی بھی ہوگئے ہیں۔

برطانوی دارالحکومت کی میٹرو پولیٹن پولیس سروس نے بتایا کہ ان افراد کو منگل کو امن عامہ کی خلاف ورزی کرنے، سڑکوں پر رکاوٹیں ڈالنے اور ایمرجنسی اہلکاروں پر حملہ کرنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا۔

اس میں کہا گیا ہے کہ اس موقع پر 2 افسران معمعلی زخمی ہوئے جبکہ ہجوم کے اندر سے پھینکی گئی بوتل لگنے سے تیسرے اہلکار کے چہرے پر شدید چوٹ آئی۔

میٹ نے کہا کہ اس بات کی تفتیش جاری ہے کہ بوتل کس نے پھینکی؟

یاد رہے کہ لندن پولیس نے مظاہرے کی منظوری دی تھی جس کا اہتمام فلسطین سولیڈیریٹی کمپین نے وسطی لندن میں ڈاؤننگ اسٹریٹ کے دروازے کے باہر کیا تھا۔

لیکن پولیس نے یہ شرط عائد کی تھی کہ ریلی رات 8:00 بجے تک ختم ہو جانی چاہیے، اس ریلی میں 10 ہزار کے قریب لوگوں نے شرکت کی اور زیادہ تر لوگ مطلوبہ وقت تک وہاں سے چلے گئے لیکن پولیس کے مطابق تقریباً 500 افراد پر مبنی ایک گروپ نے احتجاج جاری رکھا۔

میٹ نے ایک بیان میں کہا کہ پولیس افسران نے شرائط کی تعمیل کرنے میں ناکامی پر متعدد گرفتاریاں کرنے سے پہلے مظاہرین سے بات چیت کی، جیسے ہی وہ آگے بڑھے تو ہجوم میں موجود کچھ لوگوں نے جسمانی طور پر مزاحمت کی جس سے افسران کو گرفتار کیے جانے والوں کو ہجوم سے نکالنے کے لیے طاقت کا استعمال کرنا پڑا۔

یاد رہے کہ غزہ میں رفح پر مرکوز اسرائیل کے نئے فوجی آپریشن کی وجہ سے لندن سمیت دنیا کے دیگر شہروں میں مظاہرے جاری ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024