پنجاب کے مختلف اضلاع میں 28 مئی سے یکم جون تک طوفانی بارش کا امکان
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے رواں ہفتے بارشوں اور طوفان کا الرٹ جاری کردیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 28 مئی سے یکم جون تک پنجاب کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارش کا امکان ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں گرد آلود ہوائیں، گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم اور منڈی بہاالدین میں آندھی اور بارشوں کی پیش گوئی ہے جبکہ گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارروال، خوشاب، سرگودھا اور میانوالی میں بھی بارشوں کے امکانات ہیں۔
لاہور، قصور، اوکاڑہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور جھنگ میں بھی بارش اور طوفان کی پیشگوئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ پنجاب بھر میں ضلعی انتظامیہ کو موسمی صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے، کھڑی فصلوں کو طوفان سے نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، بلدیاتی حکومت اور لائیو اسٹاک کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔