• KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 11:53am Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 11:53am Asr 3:26pm

اسحٰق ڈار کی کرغزستان کے وزیر خارجہ سے ملاقات، طلبہ پر تشدد کے واقعات پر گفتگو

شائع May 22, 2024
وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحٰق ڈار نے کرغزستان کے وزیر خارجہ کلوبایف ژین بیک مولدوکانووچ سے مصافحہ کرتے ہوئے— فوٹو: اے پی پی
وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحٰق ڈار نے کرغزستان کے وزیر خارجہ کلوبایف ژین بیک مولدوکانووچ سے مصافحہ کرتے ہوئے— فوٹو: اے پی پی

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحٰق ڈار نے کرغزستان کے وزیر خارجہ کلوبایف ژین بیک مولدوکانووچ سے تفصیلی ملاقات کی جس میں پاکستانیوں سمیت غیر ملکیوں کے خلاف تشدد کے حالیہ افسوس ناک واقعات پر تبادلہ خیال کیا۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزرائے خارجہ نے ملاقات میں پاکستان اور جمہوریہ کرغزستان کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات اور دونوں ممالک کے درمیان عوام کے درمیان رابطوں کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

نائب وزیراعظم نے کرغزستان میں پاکستانیوں سمیت غیر ملکیوں کے خلاف تشدد کے حالیہ افسوس ناک واقعات پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے کرغز حکومت کی جانب سے بدامنی کے دوران حالات معمول پر لانے اور پاکستانی طلبا کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے فوری اقدامات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

نائب وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ پاکستانیوں کے خلاف تشدد کی حالیہ کارروائیوں کے ذمہ داروں کا محاسبہ کیا جائے گا۔

کرغز وزیر خارجہ نے امن و امان کی بحالی کے لیے کرغز حکام کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کی وضاحت کی اور فسادات کے مرتکب مشتعل ہجوم کی گرفتاری سمیت ان پر مقدمہ چلا کر سزا دینے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

نائب وزیراعظم نے کرغز جمہوریہ میں مقیم پاکستانی شہریوں سمیت تمام غیر ملکیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

اسحٰق ڈار نے اپنے دورے کے دوران کرغزستان میں موجود پاکستانی طلبہ کے وفد سے بھی ملاقات کی اور ان کی شکایات کو سننے کے بعد انہیں حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

واضح رہے کہ کرغزستان میں جمعہ کی شب مقامی انتہا پسندوں پر مشتمل مشتعل گروہوں نے پاکستان سمیت جنوبی ایشیائی طلبہ کے ہاسٹل پر حملہ کیا تھا جس میں متعدد طالبعلم زخمی ہو گئے تھے۔

لڑائی کا یہ واقعہ 13 مئی کو پیش آیا تھا جس کے بعد اس کی ویڈیوز مقامی سوشل میڈیا پر وائل ہوئیں اور اس کے بعد کچھ انتہا پسند گروپوں نے اس حوالے مقامی لوگوں کو مشتعل کیا اور کہا کہ یہ غیرملکی ہمارے مہمان نوازی کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

ان مشتعل افراد نے میڈیکل یونیورسٹی کے ہاسٹلز پر حملہ کردیا جس میں پاکستانی، بھارتی اور بنگلہ دیشی طلبہ رہتے ہیں، ان مشتعل افراد نے لڑکوں کے ہاسٹل کے ساتھ ساتھ لڑکیوں کے ہاسٹل پر بھی حملہ کیا۔

اس واقعے کے بعد پاکستان نے کرغزستان سے طلبہ کی وطن واپسی کا آغاز کیا تھا اور ہفتے اور اتور کی درمیانی شب پہلی پرواز پاکستان پہنچی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 18 نومبر 2024
کارٹون : 17 نومبر 2024