• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

ماہرہ خان کی جانب چیزیں پھینکنے پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے معذرت کرلی

شائع May 17, 2024
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ہونے والے فیسٹیول کے دوران اداکارہ ماہرہ خان کی جانب چیزیں پھینکنے کے واقعے پر معذرت کرلی۔

اداکارہ ماہرہ خان نے حال ہی میں بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں کراچی آرٹس کونسل آف پاکستان (اے سی پی) کی جانب سے منعقد کیے گئے پاکستان لٹریچر فیسٹیول (پی ایل ایف) میں شرکت کی تھی جہاں ان کے خطاب کے دوران پنڈال سے شائقین نے اداکارہ کی جانب چیزیں پھینکنا شروع کی تھیں۔

تقریب کی وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو میں دیکھا جا سکتا تھا کہ اداکارہ بولتے بولتے اس وقت خاموش ہوکر چونک جاتی ہیں جب لوگوں کی جانب سے ان کی طرف کوئی چیز پھینکی جاتی ہے۔

اسٹیج پر لوگوں کی جانب سے پھینکی گئی چیز کے گرنے کے بعد اداکارہ نے حیرانی کا اظہار کیا تھا اور بعد ازاں یہ شکوہ بھی کیا تھا کہ ان کی طرف چیزیں پھینکی جا رہی ہیں۔

لٹریچر فیسٹیول کے دوران اداکارہ کی جانب چیزیں پھینکے جانے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد متعدد شوبز شخصیات نے بھی ماہرہ خان سے اظہار ہمدردی کیا تھا جب کہ اداکارہ نے خود بھی واقعے پر رد عمل دیا تھا۔

چیزیں پھینکے جانے پر اداکارہ ماہرہ خان نے کسی غصے کا اظہار نہیں کیا تھا، جس وجہ سے ان کی تعریفیں بھی کی گئیں۔

اسی لٹریچر فیسٹیول کے اختتامی سیشن میں وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھی خطاب کیا اور ماہرہ خان کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر اظہار افسوس بھی کیا۔

سرفراز بگٹی نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ماہرہ خان کی جانب ایک فرد نے چیزیں پھینکیں، اس حرکت کو پورے بلوچستان کی حرکت نہ سمجھا جائے، بلوچستان کے لوگ ایسے نہیں ہیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ وہ بطور بلوچستانی فرد ماہرہ خان سے معافی مانگتے ہیں اور شرمسار ہیں کہ ان کے ساتھ کوئٹہ میں ایسا کیا گیا۔

سرفراز بگٹی کی جانب سے ماہرہ خان سے معافی مانگے جانے کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی اور لوگوں نے انہیں بڑے دل کا مالک قرار دیتے ہوئے ان کی تعریفیں بھی کیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024