• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:14am Sunrise 6:39am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:49am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:14am Sunrise 6:39am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:49am

صدف کنول سے ملنے کے بعد اسٹائل کرنا سیکھا، شہروز سبزواری

شائع May 16, 2024
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

حال ہی میں ہم اسٹائل ایوارڈز میں اسٹائل ہیرو آف دی ایئر کا ایوارڈ جیتنے والے شہروز سبزواری نے کہا ہے کہ انہوں نے صدف کنول سے ملنے کے بعد اسٹائل کرنا سیکھا۔

شہروز سبزواری کو گزشتہ ہفتے ہم اسٹائل ایوارڈز میں اسٹائل ہیرو آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔

شہروز سبزواری اور صدف کنول کی اسٹائل ایوارڈز کے بعد یوٹیوبر سے کی گئی بات کی مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں اداکار نے اپنے اسٹائلش ہونے کا کریڈٹ اہلیہ کو دیا۔

وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو میں خاتون یوٹیوبر صدف کنول سے سوال کرتی دکھائی دیتی ہیں کہ انہیں اندازہ تھا کہ ان کے شوہر شہروز سبزواری کو اسٹائل ہیرو آف دی ایئر کے ایوارڈ کے لیے منتخب کیا جائے گا؟

اس پر صدف کنول نے کہا کہ انہیں شوہر کے نامزد ہونے پر حیرانگی نہیں ہوئی لیکن انہیں امید تھی کہ ان کے شہزور ہی ایوارڈ کے لیے منتخب ہوں گے۔

ماڈل مزید کہتی سنائی دیتی ہیں کہ وہ شوہر کو ایوارڈ ملنے پر بہت زیادہ خوش ہیں۔

اسی بات پر شہروز سبزواری کہتے ہیں کہ دراصل انہوں نے اسٹائل کرنا ہی اس وقت سیکھا اور شروع کیا جب صدف کنول ان کی زندگی میں آئیں۔

اداکار کا مزید کہنا تھا کہ اسٹائل اداکار کے ایوارڈ کے لیے منتخب ہونے کا کریڈٹ ان کی اہلیہ کو جاتا ہے، انہوں نے ہی انہیں اسٹائل کرانا سکھایا۔

شہروز سبزواری نے وضاحت دی کہ وہ کبھی بھی اسٹائلش نہیں رہے ہیں، جب سے ان کی زندگی میں صدف کنول آئی ہیں تب سے انہوں نے اسٹائل کرنا سیکھا ہے۔

یوٹیوبر کے سوال پر اداکار نے کہا کہ وہ بھلے ان کی صدف کنول سے شادی سے قبل اور بعد کی تصاویر کو گوگل پر سرچ کرلیں، یہ حقیقت ہےکہ انہوں نے ماڈل سے شادی کے بعد اسٹائل کرنا سیکھا۔

شوہر کی جانب سے اسٹائل سکھانے کی بات پر صدف کنول بار بار انہیں خاموش رہنے کے لیے اشارے بھی کرتی رہیں لیکن شہروز سبزواری نے کہا کہ وہ ان سے شادی کے بعد ہی اسٹائل کرنا سیکھے ہیں۔

مختصر ویڈیو کے اختتام پر صدف کنول مزید کہتی ہیں کہ دراصل اسٹائل کپڑوں سے نہیں بلکہ شخصیت سے آتا ہے۔

خیال رہے کہ صدف کنول اور شہروز سبزوری نے مئی 2020 میں شادی کی تھی اور ان کے ہاں اگست 2022 میں پہلی بیٹی کی پیدائش ہوئی۔

شہروز سبزواری کی صدف کنول سے دوسری شادی ہے، ان کی پہلی شادی 2012 میں اداکارہ سائرہ یوسف سے ہوئی تھی، جن سے انہیں ایک بیٹی نورے بھی ہیں، دونوں کے درمیان 2020 میں طلاق ہوگئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024