• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

حکومت گندم بحران کی جامع تحقیقات کرانے سے ’گریزاں‘

شائع May 5, 2024
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

وزیر اعظم شہباز شریف نے ’ہر قیمت پر کسانوں کے مفادات کا تحفظ‘ کرنے کا عہد کیا ہے، جبکہ وفاقی حکومت میگا اسکینڈل کی جامع تحقیقات کرنے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرنے سے گریزاں نظر آتی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے درآمدات میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی کمیٹی کے سربراہ سیکریٹری کابینہ کامران علی افضل ہے، اس بات کا امکان ہے کہ کیمٹی کی رپورٹ آئندہ ہفتے کابینہ کے سامنے پیش کی جائے گی۔

مسلم لیگ (ن) کے ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیراعظم اور (ن) لیگ کے قائد نواز شریف چاہتے ہیں کہ شہباز شریف کی زیر قیادت حکومت اس میگا اسکینڈل میں ملوث افراد کے خلاف کسی بھی سیاسی اثر کی پرواہ کیے بغیر ’بلاامتیاز‘ کارروائی کریں۔

مسلم لیگ (ن) کے ماڈل ٹاؤن دفتر میں ہونے والے اجلاس کے دوران تجویز دی گئی تھی کہ قومی احتساب بیورو (نیب) یا وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو مبینہ اسکینڈل کی تحقیقات میں شامل کیا جائے، تاہم شہباز حکومت نے گزشتہ روز بتایا کہ ایسا کوئی فیصلہ زیر غور نہیں۔

وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے ڈان کو بتایا کہ حکومت کا ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے کہ (نیب یا ایف آئی اے سے گندم اسکینڈل کی تحقیقات کرائی جائیں)، ذرائع نے دعویٰ کیا کہ اس اسکینڈل کا تعلق سابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی حکومت سے ہے، لہذا شہباز شریف انتظامیہ ’بہت احتیاط سے چل رہی ہے‘۔

ان سے پوچھا گیا کہ حکومت نیب کو شامل کرنے سے کیوں گریزاں ہے کیوں کہ نئے قوانین کے مطابق مبینہ اسکینڈل 50 کروڑ روپے سے زائد ہے تو سابق نگران وزیراعظم کو کیوں طلب نہیں کیا جارہا، اس سوال کا وزیر اطلاعات نے کوئی جواب نہیں دیا۔

اس پس منظر میں یہ اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں کہ شہباز شریف حکومت نے 8 فروری کے انتخابات کے بعد 98 ارب روپے کی گندم درآمد کی، لیکن سینئر سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ شہباز کابینہ نے ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا، تاہم حکومتی انکوائری کمیٹی مبینہ طور پر اس درآمد کی بھی تحقیقات کر رہی ہے۔

اسی طرح وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سابق نگران حکومت کو گندم کے بحران کا ذمہ دار قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کا اس معاملے میں کوئی کردار نہیں۔

گزشتہ روز دن کے اوائل میں میڈیا میں یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ انوار الحق کاکڑ اور وزیر داخلہ محسن نقوی کو فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے طلب کیا تھا، جس کے بعد کمیٹی کے سربراہ نے وضاحتی بیان جاری کیا، کامران علی افضل نے کہا کہ کمیٹی نے انوار الحق کاکڑ اور محسن نقوی کو طلب نہیں کیا، تاہم سابق نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر کو مبینہ طور پر کمیٹی نے طلب کیا ہے۔

سابق نگران وزیراعظم کی مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کے ساتھ گندم بحران کے معاملے پر بحث ہوئی تھی، حنیف عباسی نے مبینہ طور پر گندم اسکینڈل کے لیے انوار الحق کاکڑ کی سرزنش کی جبکہ سابق نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر وہ ’فارم 47‘ کے بارے میں بات کرتے ہیں تو مسلم لیگ (ن) کے رہنما عوام کے سامنے آنے کی پوزیشن میں نہیں ہوں گے۔

پی ٹی آئی بھی اس معاملے میں کود پڑی اور انوار الحق کاکڑ اور حنیف عباسی کے درمیان ہونے والے جھگڑے کی روشنی میں گندم اسکینڈل کی شفاف تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن کا مطالبہ کیا۔

دریں اثنا، ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ انوار الحق کاکڑ اور حنیف عباسی کے انکشافات آنکھ کھولنے کے لیے کافی ہے، اور اس نے بہت سے اہم سوالات کو جنم دیا ہے، جن کی تحقیقات کی ضرورت ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024