• KHI: Asr 4:09pm Maghrib 5:45pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:09pm Maghrib 5:45pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کرنے والا ملزم جیل میں ہلاک

شائع May 2, 2024
فائل فوٹو: ایکس
فائل فوٹو: ایکس

بولی وڈ اسٹار سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کرنے والا گرفتار ملزم جیل میں ہلاک ہوگیا، ملزم کے اہل خانہ نے پولیس پر قتل کا الزام عائد کردیا۔

بھارتی نیوز ویب سائٹ این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق 32 سالہ انوج تھاپن ممبئی پولیس ہیڈ کوارٹر کے پولیس لاک اَپ میں مردہ پائے گئے، انہیں ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے انہیں مردہ قرار دیا گیا۔

یہ واقعہ یکم مئی کی صبح 11 بجے کے قریب پیش آیا، بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم انوج تھاپن نے جیل کے باتھ روم میں مبینہ طور پر خود کشی کی۔

پولیس کے مطابق ملزم انوج تھاپن بیت الخلا گیا لیکن وہ کافی وقت گزرنے کے باوجود واپس نہیں آئے۔

پولیس نے بتایا کہ جب انوج تھاپن کافی دیر تک باہر نہیں آئے تو پولیس نے زبردستی بیت الخلا کا دروازہ کھولا تو سامنے ملزم پھندہ ڈال کے لٹکا ہوا تھا، انوج کو ہسپتال لے جایا گیا جہاں انہیں مردہ قرار دیا۔

پولیس ذرائع نے انکشاف کیا کہ جب دو دیگر ملزمان بیانات ریکارڈ کر رہے تھے، انوج تھاپن لاک اَپ میں دیگر 10 ملزمان کے ساتھ تھے، مبینہ خودکشی کی وجہ تاحال سامنے نہیں آئی۔

انوج تھاپن کو ممبئی کرائم برانچ نے گزشتہ ہفتے پنجاب سے گرفتار کیا تھا، بھارتی پولیس نے انہیں 14 اپریل کو سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

انوج تھاپن کےعلاوہ دیگر 2 ملزمان کو بھی گرفتار کیاگیا تھا، جن میں ساگر پال اور وکی گپتا شامل ہیں۔

ملزم انوج تھاپن کی موت کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ، ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ جیل کے قریب 5 پولیس اہلکار ڈیوٹی پر تھے اور سی سی ٹی وی کیمرے بھی موجود ہیں، سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کے بعد معلوم ہو جائے گا کہ اصل میں کیا ہوا۔

انوج تھاپن کے اہل خانہ نے الزام لگایا ہے کہ اسے جیل میں قتل کیا گیا، ان کے بھائی ابھیشیک نے خبر رساں ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ ’ہمیں بتایا گیا کہ انوج کی موت خودکشی سے ہوئی ہے، وہ خودکشی نہیں کرسکتا، اسے قتل کیا گیا ہے، ہم انصاف چاہتے ہیں۔‘

وکلا نے بھی ملزم کی موت پر شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ ’سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کرنے والے ملزمان نے پہلے عدالت کو بتایا تھا کہ وہ اپنی حفاظت کو لے کر خوفزدہ ہیں، انہیں ڈر ہے کہ انہیں بھی قتل کردیا جائے گا، پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے‘۔

سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کا واقعہ کب پیش آیا؟

14 اپریل کی صبح 4 بجکر 51 منٹ پر موٹرسائیکل پر سوار دو نامعلوم افراد نے اداکار کے گھر کے باہر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے تھے۔

ممبئی پولیس کے مطابق فائرنگ کے وقت سلمان خان اپنے گھر پر موجود تھے۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب لارنس بشنوئی گینگ اور مطلوب گینگسٹر گولڈی برار نے کئی بار سلمان خان کو قتل کرنے کا اعلان کیا تھا، بھارت کے ذرائع کے مطابق لارنس بشنوئی اور گولڈی برار نے اداکار کو قتل کرنے کے لیے اپنے شوٹرز ممبئی بھیجے تھے۔

گزشتہ سال مارچ اور نومبر میں سلمان خان کو لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے مبینہ طور پر آن لائن دھمکیاں موصول ہوئی تھیں، اس کے بعد سے ممبئی پولیس نے اداکار کے گھر کے باہر سیکورٹی بڑھا دی ہے۔

لارنس بشنوئی فی الحال منشیات اسمگلنگ کیس میں جیل میں ہے اور نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کی طرف سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کے چند گھنٹے بعد جیل میں قید گینگسٹر لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں واقعے کی ذمہ داری قبول کی اور کہا کہ یہ صرف ایک ’ٹریلر‘ تھا۔

کارٹون

کارٹون : 15 نومبر 2024
کارٹون : 14 نومبر 2024