• KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm
  • KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm

احمد علی بٹ اور جنید خان کی مکھی اور خواتین کی بات پرعدنان صدیقی کی حمایت

شائع April 26, 2024
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

اداکار جنید خان اور میزبان و اداکار احمد علی بٹ کا خیال ہے کہ عدنان صدیقی نے مکھی اور خواتین کو ایک جیسا مذاق میں قرار دیا تھا، ان کی بات پر اتنا سخت رد عمل نہیں دیا جانا چاہئیے تھا۔

احمد علی بٹ اور جنید خان کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو میں دونوں نے عدنان صدیقی کی حمایت کرتے ہوئے ان پر کی جانے والی تنقید کو سخت قرار دیا۔

پروگرام کے دوران جب جنید خان سے عدنان صدیقی کی مکھیوں اور خواتین کے بیان پر مشی خان کے رد عمل کا سوال کیا گیا تو اداکار نے کہا کہ مشی خان کو اتنا سخت رد عمل نہیں دینا چاہئیے تھا۔

جنید خان نے وضاحت کی کہ وہ عدنان صدیقی کی ذاتی طور پر جانتے ہیں، وہ خواتین کی بہت عزت کرتے ہیں، وہ ایسے نہیں، جیسا انہیں سمجھا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہت سارے لوگ شاید عدنان صدیقی کو نہیں جانتے، وہ بہت پیارے انسان ہیں اور وہ کبھی کبھار انجانے میں ایسی باتیں کر دیتے ہیں۔

جنید خان نے دعویٰ کیا کہ عدنان صدیقی خواتین کی بہت عزت کرتے ہیں، انہوں نے ہمیشہ انہیں خواتین کو عزت سے ملتے دیکھا اور مشی خان کو ان کی بات پر اتنا سخت رد عمل نہیں دینا چاہئیے تھا۔

اداکار کے مطابق مشی خان نے عدنان صدیقی کی بات کو ایسے ہی لیا، جیسے انہوں نے بولا لیکن ان کے بولنے کا مقصد کچھ اور تھا اور مشی خان کو یہ نہیں کہنا چاہئیے تھا کہ وہ اگر عدنان صدیقی ان کے شو میں ایسی بات کرتے تو وہ ان کا منہ سجا دیتیں۔

انہوں نے دلیل دی کہ بہت ساری باتوں پر سنجیدہ ہونا چاہئیے لیکن ہر بات پر سنجیدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہوتی۔

اسی معاملے پر احمد علی بٹ نے بھی کہا کہ عدنان صدیقی نے خواتین اور مکھیوں کی بات کہنے سے قبل انتباہ دیا تھا کہ ان کی بات کو غلط نہ سمجھا جائے، وہ مذاق کر رہے ہیں۔

احمد علی بٹ کے مطابق عدنان صدیقی کی بات کو مذاق ہی سمجھنا چاہئیے تھا، اس پر اتنا سخت رد عمل دینے کی ضرورت نہیں تھی اور ان کے خیال میں بھی سخت رد عمل دینا غلط تھا۔

میزبان نے دلیل دی کہ ویسے بھی ہر کسی کی زندگی میں بہت ساری پریشانیاں ہیں، اس لیے عدنان صدیقی کی بات پر سخت رد عمل دینے کے بجائے اسے مذاق کے طور پر لیا جانا چاہئیے تھا۔

خیال رہے کہ عدنان صدیقی نے رمضان المبارک کے آخری عشرے میں اپریل کے آغاز میں ندا یاسر کے رمضان شو میں کہا تھا کہ خواتین اور مکھیوں کی مثال ایک جیسی ہی ہے۔

عدنان صدیقی نے مکھیوں اور خواتین کو اس وقت ایک جیسا قرار دیا تھا جب اداکار کے ہاتھ پر ایک مکھی آکر بیٹھی۔

انہوں نے وضاحت کی تھی کہ خواتین کے پیچھے جتنا پیچھے پڑا جائے، وہ اتنا دور بھاگتی ہیں اور جب انسان ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر خاموشی سے بیٹھ جاتا ہے تو خواتین مکھی کی طرح ہاتھ پر آکر بیٹھ جاتی ہیں۔

عدنان صدیقی کی مذکورہ بات پر تنازع ہے اور متعدد شخصیات نے اداکار کو آڑے ہاتھوں لیا ہے، تاہم بعض شخصیات ان کی بات سے اتفاق بھی کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024