• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

یشما گل بچ تو جائیں گی نا؟ ہانیہ عامر کی ساتھ ہسپتال کی ویڈیو وائرل

شائع April 19, 2024
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

اداکارہ ہانیہ عامر اور یشما گل کی ایک مختصر ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں ہانیہ عامر ہسپتال کے اسٹاف سے پوچھتی دکھائی دیتی ہیں کہ یشما گل بچ تو جائیں گی نا؟

شوبز سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے شیئر کردہ ویڈیو کو یشما گل نے اپنے انسٹاگرام پر شیئر کیا تھا۔

یشما گل نے ہسپتال میں مختلف اداکاروں کے ساتھ ہسپتال میں کھچوائی گئی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے اپنے مشکل وقت سے متعلق بتایا اور ساتھ ہی شوبز کے دوستوں اور خصوصی طور پر ہانیہ عامر کا شکریہ بھی ادا کیا۔

یشما گل نے رواں برس فروری میں ہسپتال کے بستر کے ایک تصویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو دعا کی اپیل کی تھی اور بتایا تھا کہ ان کی سرجری ہونی ہے۔

اب انہوں نے اپنی صحت اور ہسپتال میں گزارے گئے وقت سے متعلق مزید معلومات فراہم کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سرجری کے بعد مکمل صحت یاب ہونے میں ابھی کچھ وقت ہے لیکن اب وقت آ چکا ہے کہ وہ مشکل دنوں میں ساتھ دینے والے دوستوں کا شکریہ ادا کریں۔

یشما گل نے بیماری کے وقت دعائیں کرنے پر مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا جب کہ متعدد شوبز شخصیات کو مینشن کرتے ہوئے ان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔

اداکارہ نے بتایا کہ بیماری کے وقت ہانیہ عامر، دنانیر مبین، اریبہ حبیب، کومل میر، صبور علی، ژالے سرحدی،منشا پاشا اور طوبیٰ انور نے ان کا خصوصی خیال رکھا۔

اداکارہ نے پوسٹ میں دوستوں کی جانب سے اپنے ساتھ ہسپتال میں قیام کرنے کی تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کیں، جس میں سے ہانیہ عامر کی ویڈیوز وائرل ہوگئیں۔

مختصر ویڈیوز میں ہانیہ عامر کو ہسپتال کے اسٹاف سے مذاق میں پوچھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے کہ یشما گل بچ تو جائیں گی نا؟

ایک اور ویڈیو میں ہانیہ عامر اپنی دوست یشما گل کے ساتھ کھانا کھاتی دکھائی دیں جب کہ ایک ویڈیو میں وہ ان کے ساتھ ہسپتال کے بستر پر سوتی دکھائی دیں۔

یشما گل اور ہانیہ عامر کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہونے کے بعد مداحوں نے اداکارہ کی مکمل صحت یابی کی دعائیں کرتے ہوئے انہیں خوش قسمت قرار دیا کہ ان کے دوست ان کا خیال رکھنے والے ہیں۔

یشما گل نے یہ واضح نہیں کیا کہ انہوں نے کس وجہ سے سرجری کروائی؟ تاہم بتایا کہ انہیں مکمل طور پر صحت یاب ہونے میں مزید کچھ دن لگیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024