• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پی ایس ایل 9: دونوں ٹیمیں اچھا کھیل پیش کر رہی ہیں، ایک اچھا فائنل دیکھنے کو ملے گا، محمد رضوان

شائع March 18, 2024
محمد رضوان نے کہا کہ مسلسل چوتھا فائنل کھیلنا ایک اعزاز کی بات ہے — فوٹو: ڈان نیوز
محمد رضوان نے کہا کہ مسلسل چوتھا فائنل کھیلنا ایک اعزاز کی بات ہے — فوٹو: ڈان نیوز

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ دونوں ٹیمیں اچھا کھیل پیش کر رہی ہیں اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا ایک اچھا فائنل دیکھنے کو ملے گا۔

پی ایس ایل فائنل سے قبل دونوں کپتانوں نے ’ڈان نیوز‘ کے پروگرام ’ری پلے‘ میں خصوصی گفتگو کی۔

محمد رضوان نے کہا کہ مسلسل چوتھا فائنل کھیلنا ایک اعزاز کی بات ہے، کوشش ہے کہ جو ڈیمانڈز ہیں ہم سے ان کو پورا کریں اور منیجمنٹ اور کھلاڑیوں کے درمیان فرق ختم کریں۔

انہوں نے کہا کہ علی ترین نے کھلاڑیوں اور منیجمنٹ کے ساتھ دوستانہ تعلق رکھا ہوا ہے، ہم نے ابتدائی ساری کرکٹ کوچ عبدالرحمٰن کے نگرانی میں ہی کھیلی ہے، کوچ عبدالرحمٰن جن مشکلات سے گزرے ہیں اس کے بارے میں افتخار احمد اور میں بہت اچھے سے جانتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میرا اور عبدالرحمٰن کا تعلق ملتان کا کوچ بننے سے پہلے سے بہت اچھا ہے، عبدالرحمٰن کی ڈومیسٹک کا تمام کھلاڑیوں کے ساتھ تعلق اچھا ہے، فرنچائز کے مالک علی ترین نے جو منصوبہ دیا، عبدالرحمٰن اور محمد وسیم نے ان چیزوں پر عمل کیا۔

محمد رضوان نے کہا کہ ہمارے مقامی کھلاڑی کافی اچھے ہیں جس کی وجہ سے ٹیم کا کمبی نیشن اچھا بنا ہوا ہے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ جب پی ایس ایل کا ڈرافٹ ہوا تھا تو اس وقت میں نے بھی اسلام آباد کو بہترین ٹیم قرار دیا تھا، جو ٹیم بھی اچھی ہو میچ کے روز جو اچھا کھیلے گی وہ جیتے گی، دونوں ٹیمیں اچھا کھیل پیش کر رہی ہیں، ایک اچھا فائنل دیکھنے کو ملے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ٹورنامنٹ میں ہمیشہ کنڈیشنز اور صورتحال کو دیکھتے ہوئے ٹیم کھلائی ہے، ہم بیٹنگ آرڈر اور ٹیم صورتحال کو دیکھتے ہوئے کھلاتے ہیں، آپ کبھی بھی پچ کے بارے میں پہلے سے نہیں بتا سکتے کہ کیسی ہوگی، پچ جیسی بھی ہو آپ کنڈیشنز کو سمجھ کر اسی وقت اس پر عمل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

فائنل میں پچھلے میچ کی غلطیاں ٹھیک کرنے کی کوشش کریں گے، شاداب خان

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کا کمبی نیشن کافی اچھا بنا ہوا ہے، پچھلے میچ میں تھوڑی بہت غلطیاں ہوئی ہیں، اس کو ٹھیک کرنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں آپ تھوڑے مہنگے ہوتے ہیں، لیکن ٹی ٹوئنٹی میں ایسا چلتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے ایک اچھا سائن ہے کہ تمام اسپنرز اچھی باؤلنگ کر رہے ہیں، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ قریب ہے، ایسے وقت میں باؤلرز کا اعتماد بحال ہونا اچھی بات ہے۔

شاداب خان نے کہا کہ اصل ہدف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہے اور اسی کے لیے تیاری کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کا فائنل آج ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کا یہ چوتھا فائنل ہے، وہ 2021کی فاتح ہے جب کہ آخری دو فائنلز میں اسے لاہور قلندرز نے شکست ہوئی تھی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل کے 2 فائنلز کھیلے ہیں اور دونوں مرتبہ اس نے ٹائٹل اپنے نام کیاہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024