کراچی میں تیز ہواؤں کا سلسلہ آج شام تک جاری رہنے کا امکان
کراچی میں گزشتہ روز سے جاری تیز ہواؤں کا سلسلہ آج شام تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
’ویدر اپڈیٹس‘ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر بتایا کہ کراچی شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 13 سے 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، تاہم سرکاری طور پر 17.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ جنوبی علاقوں میں 17.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 سے 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے جبکہ محسوس کیے جانے والا درجہ حرارت 27 سے 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
تیز شمال شمال مشرقی ہواؤں کے ساتھ شہر کے مختلف علاقوں میں نمی کی سطح 30 فیصد سے 50 فیصد ہے، شہر میں ہوا کی رفتار شمال مغرب سے تقریباً 35 سے 45 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
آج شمال مشرق سے تیز ہوائیں دن بھر وقفے کے ساتھ شام تک جاری رہیں گی، ہوا کی رفتار تقریباً 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ رہے گی جو بتدریج کم ہوتی جائے گی۔
شمال مشرق سے ہوائیں چلنے سے شہر میں ہوا کا معیار بہتر ہوا ہے، اس وقت ہوا کے معیار کا انڈیکس (اے کیو آئی) تقریباً 72 سے 93 ہے جو شہریوں کے لیے تھوڑا بہتر ہے۔
کئی مہینوں کے بعد کراچی دنیا بھر میں بدترین اے کیو آئی کی فہرست میں 40 ویں نمبر پر آگیا ہے۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل مغربی ہواؤں کے سلسلے کی وجہ سے کراچی میں 2 روز تک تیز ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ہے جس کے سبب قمبر شہداد کوٹ، سکھر، جیکب آباد، شکارپور میں درمیانی شدت کی بارش متوقع ہے۔
اسی سلسلے کے سبب محکمہ موسمیات نے کراچی میں پیر اور منگل کو تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی تھی۔