• KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm

محمد حفیظ نے عہدے میں توسیع نہ دینے کی وجہ نئے چیئرمین کی تقرری کو قرار دے دیا

شائع February 16, 2024
فائل فوٹو: ایکس
فائل فوٹو: ایکس

پاکستان کے سابق کرکٹر محمد حفیظ نے صرف دو ماہ بعد پاکستان کرکٹ بورڈ سے راہیں جدا کرنے کی وجہ نئے چیئرمین کی تقرری کو قرار دے دیا۔

ڈائریکٹر کرکٹ کا عہدہ میں توسیع نہ دینے سے متعلق محمد حفیظ نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی کی قیادت میں تبدیلی کی وجہ سے ان کی اصل میں مقرر کردہ 4 سالہ مدت کو کم کر دیا گیا۔

سماجی پلیٹ فارم ایکس پر ٹوئٹ کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ ’میں نے ہمیشہ فخر کے ساتھ پاکستان کو ترجیح دی اور اس کی نمائندگی کی ہے، مثبت اصلاحات لانے کے لیے میں نے بحیثیت ڈائریکٹر پی سی بی کا کردار قبول کیا لیکن بدقسمتی سے میری مقررہ مدت جو پی سی بی نے 4 سال کے لیے پیش کی تھی، نئی چیئرمین شپ کی وجہ سے 2 ماہ کم کر دی گئی۔

انہوں نے پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

تاہم اپنا عہدہ ختم ہونے پر محمد حفیظ نے قومی ٹیم کی خراب پرفارمنس کے حقائق کا انکشاف کرنے کا بھی اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ ’میں پوری ذمہ داری لیتا ہوں اور اپنے دور میں ہونے والے اپنے تمام فیصلوں کے لیے خود کو جوابدہ ٹھہراتا ہوں، میں وہ تمام حقائق اور تفصیلات جلد ظاہر کروں گا جن کی وجہ سے ٹیم کی خراب پرفارمنس ہوئی۔ ’

یاد رہے کہ 22 جنوری کو نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو 3 برس کے لیے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) منتخب کیا گیا تھا۔

گزشتہ روز (15 فروری کو) پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ سال نومبر 2023 میں ڈائریکٹر کرکٹ کا عہدہ سنبھالنے والے محمد حفیظ کے عہدے میں توسیع نہ دینے کا فیصلہ کیا تھا، محمد حفیظ کا کنٹریکٹ دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ تک تھا۔

محمد حفیظ کی جگہ کسی اور کی تعیناتی کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا، محمد حفیظ کو سابق چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف کے دور میں ملکی آرتھر کی جگہ رکھا گیا تھا۔

ایکس کے ذریعے آفیشل بیان دیتے ہوئے پی سی بی نے محمد حفیظ کی خدمات کو سراہا تھا اور بطور ڈائریکٹر ان کے کردار اور کھلاڑیوں پر ان کے مثبت اثرات کو تسلیم کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ ’محمدحفیظ کے کھیل کے لیے جنون نے کھلاڑیوں کو متاثر کیا ہے اور آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے دورے کے دوران ان کی رہنمائی بہت اہمیت کی حامل رہی ہے، پی سی بی محمد حفیظ کو ان کی مستقبل کے لیے کامیابی اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتی ہے۔‘

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024