غزہ پر اسرائیلی حملے جاری، رفح، البریج کیمپ سمیت مختلف علاقوں پر بمباری
غزہ میں اسرائیلی فوج کو فلسطینیوں کے قتل عام سے کوئی نہ روک سکا، صیہونی فوج نے ایک بار پھر رفح اور البریج کیمپ سمیت مختلف علاقوں پر بمباری کردی۔
’ڈان نیوز‘ کے مطابق جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج کی شیلنگ سے 4 فلسطینی شہید ہوگئے، ہسپتالوں کے اطراف میں بھی گولے برسائے گئے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 165 فلسطینی، اسرائیلی دہشت گردی کا نشانہ بنے جس کے بعد شہدا کی مجموعی تعداد 25 ہزار کے قریب پہنچ گئی جبکہ 62 ہزار 400 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ایک بار پھر آزاد فلسطینی ریاست کو تنازع کا حل قرار دے دیا۔
اپنے بیان میں غزہ کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غزہ میں بمباری اور شیلنگ کے علاوہ خوراک اور صاف پانی نہ ملنے کے باعث بھی فلسطینی شہری جان گنوا رہے ہیں۔