غزہ میں جنگ رکنے کے ساتھ ہی اسرائیل پر حملے بھی رک جائیں گے، ایرانی وزیر خارجہ
ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا ہے کہ اگر غزہ میں جنگ رک جاتی ہے تو اسرائیل پر کیے جانے والے حملے بھی رک جائیں گے۔
خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق غزہ میں جاری جنگ میں ایران حماس کی اول روز سے حمایت کررہا ہے اور امریکا پر الزام کرتا رہا ہے کہ وہ غزہ میں جاری جنگی جرائم میں اسرائیل کی پشت پناہی کررہا ہے۔
عبداللہیان نے ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں نسل کشی کے خاتمے کے ساتھ ہی عسکری کارروائیوں اور خطے میں بحران کا خاتمہ ہو جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ بحیرہ احمر میں سیکیورٹی غزہ میں پیشررفت سے منسلک ہے اور اگر غزہ میں اسرائیلی جرائم نہ رکے تو ہر کسی کو اس کی قیمت چکانی پڑے گی اور تمام مزاحمت قوتیں متحرک رہیں گی۔
ایرانی وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ اگر غزہ میں اسرائیلی جارحیت اور فلسطینیوں کی نسل کشی کا سلسلہ نہ رکا تو یہ تنازع پورے مشرق وسطیٰ کے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔