• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

نیٹو کنٹینر کیس: بابرغوری کی فریق بننے کی درخواست

شائع September 10, 2013

خیبر کے علاقے میں عسکریت پسندوں کی جانب سے ایک پل تباہ کرنے کے بعد کنٹینر طویل قطار میں کھڑے ہیں۔ اے ایف پی فائل
خیبر کے علاقے میں عسکریت پسندوں کی جانب سے ایک پل تباہ کرنے کے بعد کنٹینر طویل قطار میں کھڑے ہیں۔ اے ایف پی فائل

 کراچی: متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم) کے سینیئر رہنما اور سابق وزیر برائے پورٹس اینڈ شپنگ بابر غوری نے منگل کے روز سپریم کورٹ رجسٹری میں درخواست دائر کی ہے کہ انہیں لاپتہ ہوجانے والے نیٹو کنٹینرز کے مقدمے میں ایک فریق کی حیثیت سے شامل کیا جائے۔

ڈان نیوز کے مطابق پاکستان کے راستے امریکی اور نیٹو افواج کیلئے سامان لے جانے والے کنٹینرز کا متنازعہ معاملہ اس وقت منظرِ عام پر آیا تھا جب سپریم کورٹ میں ڈی جی رینجرز نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ایک سابقہ پورٹس اینڈ شپنگ کے وزیر کے دور میں 19 ہزار کنٹینر چوری ہوئے۔

بعدازاں بابر غوری نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ کنٹینروں کلئیر کرنے کا معاملہ پورٹ اینڈ شپنگ کی وزارت کے ماتحت نہیں ہوتا۔

غوری نے مزید کہا تھا کہ ہر منفی پیشرفت کا الزام ایم کیو ایم پر لگانا درست نہیں جبکہ انہوں نے کنٹینروں کی گمشدگی کے الزام کو مسترد کیا۔

اس کے بعد عدالت میں چیف کلکٹر کسٹم نے بھی اپنی رپورٹ پیش کی جس پر اظہار عدم اطمینان کرتے ہوئے عدالت نے سابق کلکٹر کسٹم رمضان بھٹی کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی۔

عدالت کا کہنا تھا کہ غیر قانونی اسلحہ کی نقل وحمل سنگین معاملہ ہے جبکہ اسلحہ لائسنسوں کی تصدیق نادرا سے کرانے کاحکم بھی دیا گیا۔

خیال رہے کہ پاکستان افغانستان میں امریکی اور ایساف فورسز کے لیے سامان کی نقل و حمل کا اہم ذریعہ ہے جہاں کوئی سمندری راستہ موجود نہیں ہے۔

پاکستان نے امریکہ کے ساتھ اس حوالے سے ایک معاہدے پر دستخط کر رکھے ہیں جن کے مطابق فوجی سپلائی 2015ء تک جاری رہ سکتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024