کراچی: تین ہٹی پُل کے نیچے آگ لگنے سے 60 سے زائد جھونپڑیاں خاکستر
کراچی کے علاقے تین ہٹی کے پُل کے نیچے لگنے والی آگ کے نتیجے میں 60 سے زائد جھونپڑیاں جل کر خاکستر ہو گئیں۔
سپر مارکیٹ پولیس نے بتایا کہ آگ تین ہٹی میں جھونپڑیوں میں لگی جس سے بڑی تعداد میں جھونپڑیاں جل گئیں۔
ڈائریکٹر جنرل سندھ ایمرجنسی سروس ڈاکٹر عابد شیخ نے ڈان کو بتایا کہ جھونپڑیوں میں آگ شام 6 بجے کے قریب بھڑک اٹھی اور ابتدائی طور پر ایک فائر ٹینڈر بھیجا گیا لیکن بعد میں صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے مزید فائر ٹینڈرز کو بلایا گیا تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مزید فائر ٹینڈرز طلب کیے جائیں۔
ڈاکٹر عابد شیخ نے کہا کہ 11 فائر ٹینڈرز نے بھرپور کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا تاہم کولنگ کا کام ابھی بھی جاری رہا۔
انہوں نے کہا کہ جہاں آگ بھڑکی تھی ہم اس جگہ تک رسائی حاصل کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ وہاں تک رسائی آسان نہیں تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک اندازے کے مطابق 60 سے زائد جھونپڑیاں تباہ ہو گئی ہیں لیکن کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
ڈائریکٹر جنرل نے مزید کہا کہ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہ ہو سکی لیکن ممکنہ طور پر کسی انسانی غلطی کے نتیجے میں آگ لگی ہو گی۔
دریں اثنا، ایک پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ زیادہ تر منشیات کے عادی افراد تین ہٹی پل کے نیچے رہتے ہیں اور الزام لگایا کہ پل کے نیچے ایک خاتون کی سربراہی میں منشیات کا اڈہ بھی چلایا جا رہا ہے۔