لعل شہباز قلندر کے مزار سے سونا چوری کرنے کا ملزم ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
صوبہ سندھ کے شہر سیہون میں واقع لعل شہباز قلندر کے مزار سے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سونا چوری کرنے میں مبینہ طور پر ملوث منیجر اوقاف سیہون کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
لعل شہباز قلندر کے مزار سے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سونا چوری کرنے کے الزام میں پولیس نے 22 دسمبر کو محکمہ اوقاف کی ہدایت پر مزار کے منیجر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا تھا۔
محکمہ اوقاف نے انکشاف کیا تھا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار سے ایک کروڑ 23 لاکھ 72 ہزار روپے سے زائد مالیت کا سونا چوری کیا گیا۔
پولیس نے مقدمے میں نامزد ملزم کو اسپیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جہاں عدالت نے مینجر اوقاف سیہون کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
سیہون پولیس نے ملزم کے خلاف 57 تولہ سونا اور 3 ہزار 133 تولے چاندی کا مقدمہ درج کیا تھا۔