سندھ میں اداکار بچوں کیلئے نئے قوانین متعارف
پاکستانی شوبز انڈسٹری میں ڈراموں اور فلموں میں کام کرنے والے بچوں کے لیے نئے قوانین تیار کر لیے گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ کی وزارت ثقافت نے ’چلڈرن ڈراما انڈسٹری آرڈیننس‘ اور ’سندھ ایکٹر رائلٹی آرڈیننس‘ کے نام سے دو نئے قوانین تیار کیے ہیں۔
صوبائی وزیر ثقافت جنید علی شاہ کا کہنا ہے کہ ڈراما انڈسٹری آرڈیننس کے تحت ڈراما شوٹنگ کے دوران بچوں کے کام کرنے کے اوقات کا تعین کیا جائے گا۔
ڈراموں اور فلموں میں کام کرنے والے بچوں کو اسکول کے وقت ڈرامے کی شوٹنگ کے لیے نہیں بلایا جائے گا، اس کے علاوہ انہیں رات گئے شوٹنگ اور ریکارڈنگ کے لیے نہیں روکا جائے گا۔
قوانین کی خلاف ورزی کرنے کی صورت میں اسکول کے اوقات میں یا رات گئے بچوں کو شوٹنگ کے لیے کام پر بلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے امید ظاہر کرتےہوئے کہا کہ ایسے قوانین سے نوجوان اداکار اپنے کام کے ساتھ ساتھ تعلیم بھی جاری رکھیں گے۔
صوبائی وزیر ثقافت نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور پولیس چلڈرن ڈراما انڈسٹری آرڈیننس کی خلاف ورزی پر کارروائی کریں گے۔
اس کےعلاوہ رپورٹس کے مطابق پروڈکشن کمپنی اور فنکاروں کے درمیان معاہدے سے متعلق شکایات دور کرنے کے لیے کمیٹی قائم کی جائے گی۔
صوبائی وزیر ثقافت جنید علی شاہ کا کہنا ہے کہ فنکاروں کو سندھ ایکٹر رائلٹی ایکٹ کے تحت تحفظ ملے گا، سوشل میڈیا سے حاصل ہونے والی رائلٹی اور فلم اور ڈرامے کا دیگر منافع فنکاروں کو دیا جائے گا جبکہ وزارت ثقافت میں رجسٹرڈ فنکار رائلٹی کمیٹی سے رجوع کر سکتے ہیں۔