• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

عثمان خواجہ کا ٹیسٹ میچ کے دوران بازو پر سیاہ پٹی باندھ کر فلسطین سے اظہار یکجہتی

شائع December 14, 2023
فوٹو: ایکس
فوٹو: ایکس

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور آسٹریلین کرکٹ بورڈ کی جانب سے فلسطینیوں کے حمایتی پیغام والے جوتے پہننے کی اجازت نہ ملنے کے بعد آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ نے آج پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ کے پہلے روز بازو پر سیاہ پٹی پہن کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔

آج آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران جب عثمان خواجہ بیٹنگ کرنے کریز پر آئے تو انہوں نے اپنے بازو پر سیاہ پٹی باندھ رکھی تھی۔

کرکٹر نے غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے بازو پر سیاہ پٹی باندھی جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں اور شائقین کرکٹر کو داد دے رہے ہیں۔

قبل ازیں ٹیسٹ میچ سے قبل ٹریننگ سیشن کے دوران عثمان خواجہ کی جانب سے فلسطین کے حمایتی پیغام والے جوتے پہننے کا معاملہ گردش کررہا تھا جس پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور آسٹریلوی بورڈ نے بھی ردعمل دیا تھا۔

آسٹریلیا کے لیے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے پہلے مسلمان کرکٹر عثمان خواجہ نے رواں ہفتے کے اوائل میں ٹیسٹ میچ کی ٹریننگ کے دوران جو جوتے پہنیں ان پر ’تمام زندگیاں برابر ہیں‘، ’آزادی ہر انسان کا حق ہے‘ کے نعرے درج تھے۔

کرکٹر نے بتایا تھا کہ وہ پرتھ میں آج پاکستان کے خلاف ہونے والے ٹیسٹ میچ کے دوران یہی جوتے پہننے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

تاہم گزشتہ روز آسٹریلیا کے کرکٹ بورڈ نے انہیں آئی سی سی کے قوانین سے متعلق خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئی سی سی کے قوانین ذاتی پیغامات کے اظہار سے منع کرتے ہیں، ہم توقع کرتے ہیں کہ کھلاڑی ان قوانین پر عمل کریں گے۔

جس کے جواب میں 37 سالہ عثمان خواجہ نے کہا تھا کہ وہ فلسطینیوں کے حمایتی پیغام والے جوتے پہننے کی اجازت نہ دیے جانے کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں لیکن وہ کوشش کرتے رہیں گے کہ انہیں اس اقدام کی اجازت مل جائے۔

انہوں نے سماجی پلیٹ فارم ایکس پر ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’آئی سی سی قوانین کی عزت کرتا ہوں، ان کے فیصلے کا احترام کروں گا لیکن میں ان سے لڑوں گا اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرواوں گا۔‘

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ’یہ انسانی حقوق کی اپیل ہے، آزادی ایک انسانی حقوق کا مسئلہ ہے۔‘

فوٹو: بی بی سی
فوٹو: بی بی سی

یاد رہے کہ 2014 میں آئی سی سی نے انگلینڈ کے مسلمان کرکٹر معین علی کو اپنی کلائی پر غزہ کی حمایت میں بینڈ پہننے پر متنبہ کیا تھا۔

معین علی نے ساؤتھیمپٹن کے گراؤنڈ روز باؤل میں انگلینڈ کی بیٹنگ کے دوران کلائی پر بینڈ پہنا تھا جس پر ’ سیو غزہ (غزہ کو بچاؤ)’ اور ’فری فلسطین (فلسطین کو آزاد کرو)‘ لکھا ہوا تھا۔

انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے معین علی کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے کچھ غلط نہیں کیا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی کے قوانین کے مطابق کھلاڑیوں کو کھیل کے میدان میں سیاسی، مذہبی یا نسل پرستانہ پیغامات والی کسی بھی چیز پہننے کی اجازت نہیں ہوتی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024