• KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm

عمران اشرف اور سجل علی کی شادیاں ختم نہیں ہونی چاہیے تھیں، ریشم

شائع December 9, 2023
فوٹو: اسکرین شاٹ
فوٹو: اسکرین شاٹ

فلم اداکارہ ریشم نے شوبز انڈسٹری میں اداکاروں کے درمیان طلاق کی شرح میں اضافے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سجل علی اور احد رضا میر کی علیحدگی، عمران اشرف اور کرن اشفاق کی طلاق کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا، ان کی شادیاں ختم نہیں ہونی چاہیے تھیں۔

یاد رہے کہ مارچ 2020 میں سجل علی نے اداکار احد رضا میر سے شادی کی تھی، ان کی جوڑی کو اسکرین سمیت حقیقی زندگی میں بھی بہت پسند کیا جاتا تھا۔

تاہم شادی کے تقریباً ایک سال بعد ہی دونوں کے درمیان طلاق کی افواہیں گردش کرنا شروع ہوگئی تھیں، تاہم دونوں اداکاروں نے آج تک ان افواہوں پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔

اس کے علاوہ عمران اشرف کی ماڈل کرن اشفاق سے 2018 میں شادی ہوئی، جس سے ان کے ہاں 2020 میں بیٹے روہان کی پیدائش ہوئی تھی۔

بعدازاں اکتوبر 2022 میں دونوں کی علیحدگی ہوگئی تھی، اب حال ہی میں کرن اشفاق نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے فوکل پرسن اور سیاسی مشیر حمزہ علی چوہدری سے دوسری شادی کرلی ہے۔

فلم اداکارہ ریشم نے صحافی ملیحہ رحمٰن کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے شوبز انڈسٹری میں اداکاروں کی طلاق کی خبروں پر افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ طلاق کی خبریں سن کر خود بھی شادی کرنے سے خوفزدہ ہوگئی ہیں لیکن وہ پھر بھی شادی کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

پوڈکاسٹ کے شروع میں اداکارہ نے تنہائی کے بارے میں بات کرتےہوئے کہا کہ تنہائی اور غم پوری زندگی ساتھ رہتا ہے، خوشیاں کچھ وقت کے لیے ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب وہ بہت زیادہ تنہائی محسوس کرتی ہیں تو وہ لنگر تقسیم کرتی ہیں، لنگر تقسیم کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے اپنے ہاتھ صرف ناچ گانے تک محدود نہیں کیے ہوئے، ’آخرت میں اللہ کو جواب دینے کے لیے اپنے ہاتھوں سے کھانا پکا کر لوگوں میں تقسیم کرتی ہوں، اس کے علاوہ صدقہ اور زکوة بھی دیتی ہوں، ہمارا مذہب بہت خوبصورت ہے جس میں زندگی گزارنے کے تمام اصول موجود ہیں۔‘

’اگر میری اچھی جگہ شادی ہوجاتی تو میں شوبز بہت پہلے چھوڑ چکی ہوتی‘

اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے ریشم نے کہا کہ اگر ان کی شادی ہوجاتی تو وہ شوبز انڈسٹری بہت پہلے چھوڑ چکی ہوتیں۔

انہوں نے کہا کہ ’اگر میری اچھی جگہ شادی ہوجاتی تو میں شوبز بہت پہلے چھوڑ چکی ہوتی، میرا شوہر مجھے کما کر کھلاتا لیکن مجھے شوہر نہیں ملا کیونکہ شادیاں ہورہی ہیں لیکن ہونے کے بعد ٹوٹ جاتی ہیں‘۔

ریشم نے کہا کہ وہ اب بھی شادی کرنے کا سوچ رہی ہیں لیکن اس رشتے کو نبھانے والا ابھی تک انہیں کوئی نہیں ملا۔

اداکارہ نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر بہت دکھ ہوا کہ شوبز انڈسٹری میں کئی لوگوں کی شادیاں ختم ہوچکی ہیں جو نہیں ہونی چاہیے تھیں، میں اب بھی شادی کرنے کا سوچ رہی ہوں ، کوئی ایسا ساتھی ملے جو اس رشتے کو نبھا سکے، آج کل شادیاں صرف ایک یا ڈیڑھ سال تک چلتی ہیں پھر ختم ہوجاتی ہیں۔

’شوبز میں اداکاروں کی طلاق کی خبر سن کر دکھ ہوتا ہے‘

ریشم نے شوبز انڈسٹری میں اداکاروں کی طلاق اور علیحدگیوں پر بھی گفتگو کی، انہوں نے کہا کہ انڈسٹری میں اداکاروں کی طلاقیں انہیں اداس اور کچھ خوفزدہ بھی کرتی ہیں، اداکارہ نے سجل علی اور عمران اشرف کا نام لیتے ہوئے کہا کہ ان کی شادیاں بھی ختم نہیں ہونی چاہیے تھیں۔

اداکارہ نے کہا کہ ’شوبز انڈسٹری میں 7 سے 8 لوگوں کی شادیاں ختم ہوچکی ہیں، مجھے بہت دکھ ہوا، سجل علی کی شادی ختم ہوئی جس کا مجھے بہت دکھ ہے، مجھے سجل علی بے حد پسند ہے، ان کے ساتھ کام بھی کیا، عمران اشرف کی شادی بھی ختم نہیں ہونی چاہیے تھی، میں ان سے اور ان کی سابق اہلیہ کرن اشفاق سے ایک تقریب میں ملی تھی اور وہ دونوں بہت اچھے لگ رہے تھے، دونوں ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں، ان کی طلاق کی خبر سے بہت دکھ ہوا۔ ’

ریشم نے کہا کہ ’جب لوگ شادی کے رشتے کو نہیں نبھاتے اسے محبت نہیں کہتے، میرے نزدیک اس رشتے کو نبھانا بہت ضروری ہے، کچھ سال قبل میں نے جن کی شادیوں میں شرکت کی آج ان کی علیحدگی ہوچکی ہے۔‘

’انڈسٹری میں شادی نہیں کروں گی کیونکہ یہاں شادیاں زیادہ وقت کیلئے نہیں چلتیں‘

اداکارہ نے کہا کہ ’لوگوں میں برداشت نہیں ہے، بیوی اور شوہر کو برداشت کرنا چاہیے، بیوی گھر، بچے اور پوری فیملی کو نبھالتی ہے، وہ تمام رشتے نبھا رہی ہے اگر وہ تھوڑا اونچا بھی بولے تو خاوند کو چاہیے کہ تھوڑا برداشت اور نظر انداز کرلے۔‘

ریشم نے کہا شادی کے بعد لڑکیوں کا کمانے میں کوئی مضائقہ نہیں، لیکن ہمیں مغرب کی رسم و رواج کی طرف نہیں دیکھنا چاہیے، ’ہم جب باہر کی عورت کو دیکھتے ہیں تو ہمارا دماغ خراب ہوجاتا ہے، اس میں ہمارا بھی قصور ہے۔‘

اداکارہ نے کہا کہ مذہب نے زندگی گزارنے کے طریقے بتائے ہوئے ہیں، شادی کے رشتے کو نبھانے کے لیے شوہر اور بیوی دونوں کو ایک دوسرے کی باتوں کو برداشت کرنا ہوگا، رشتے میں برداشت ہوگی تب ہی یہ رشتہ چل سکے گا۔

اداکارہ نے کہا کہ ’اگر شادی کے بعد صورتحال سنگین ہوجاتی ہے یا لوگ ایک دوسرے کے ساتھ رہنا بھی پسند نہ کریں تو الگ ہونا بہتر ہے۔

ریشم نے کہا کہ وہ شوبز انڈسٹری میں اداکاروں کی طلاق کی اضافی شرح دیکھ کر ڈر گئی ہیں، ’لیکن میں اللہ سے دعا کرتی ہوں کہ میرا نصیب ایسے انسان کے ساتھ جو اس رشتے کو نبھاسکے۔‘

انہوں نے کہا کہ وہ انڈسٹری میں کسی سے شادی نہیں کریں گی بلکہ انڈسٹری سے باہر شادی کریں گی کیونکہ شوبز انڈسٹری میں شادیاں زیادہ وقت کے لیے نہیں چلتیں۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024