اسرائیلی فوج کی مغربی کنارے میں چھاپے مار کارروائیاں، 6 فلسطینی شہید
اسرائیلی فورسز نے مغربی کنارے میں چھاپے مار کارروائی کرتے ہوئے 14سالہ لڑکے سمیت چھ فلسطینیوں کو شہید کردیا۔
فلسطینی وزارت صحت نے کہا ہے کہ توباس کے قریب الفرا کے مہاجرین کے کیمپ میں قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 14 اور 18سالہ نوجوانوں سمیت 6 افراد شہید ہو گئے۔
اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ مشترکہ عسکری اور شن بیت کے انسداد دہشت گردی کے آپریشن میں دو مطلوبہ مشتبہ دہشت گردوں کو پکڑ لیا گیا۔
ادھر غزہ کی ابتر ہوتی صورتحال پر غور کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس آج ہوگا جس میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی پر زور دیا جائے گا۔
غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری تاریخ کی سب سے بدترین جنگ تیسرے مہینے میں داخل ہوگئی ہے اور غزہ اور اس کے اطراف کے بڑے شہروں پر اسرائیل کی بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی خبر کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا یہ اجلاس جمعہ کو غزہ میں سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس کے شدید دباؤ کے تحت ہوگا۔
اجلاس کے دوران ہفتوں سے جاری تباہ کن جنگ کی بندش پر زور دینے کے لیے ووٹنگ کی جائے گی۔
اگرچہ فلسطینی علاقے میں جاں بحق شہریوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اسرائیل کی جارحیت اور بمباری کے دوران حالات زندگی انتہائی تباہ کن ہیں لیکن آج ہونے والے اجلاس کا نتیجہ کیا نکلے گا، اس کے بارے میں کچھ بھی کہنا ابھی قبل از وقت ہوگا۔
اسرائیلی فوج نے غزہ، خان یونس سمیت بڑے شہروں کا محاصرہ کر رکھا ہے جہاں اکثر عمارتیں اور گھر ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں اور شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 16 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔