• KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm
  • KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm

کوپ 28 کانفرنس: آزاد کشمیر کے اسکول نے ’سسٹین ایبلٹی پرائز‘ جیت لیا

شائع December 4, 2023
کورٹ چیئرمین چوہدری اختر نے بتایا کہ اسکول کو جنوبی ایشیا کا سب سے بڑا یتیم خانہ تسلیم کیا جاتا ہے—فوٹو:کورٹ ایکس
کورٹ چیئرمین چوہدری اختر نے بتایا کہ اسکول کو جنوبی ایشیا کا سب سے بڑا یتیم خانہ تسلیم کیا جاتا ہے—فوٹو:کورٹ ایکس

آزاد جموں و کشمیر کے ایک اسکول نے دبئی میں ہونے والی کوپ28 کانفرنس میں زید سسٹین ایبلٹی پرائز جیت لیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق حکام کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ (کورٹ) ایجوکیشنل اینڈ ریذیڈنشیل کمپلیکس نے گلوبل ہائی اسکولز (جنوبی ایشیا) کی کٹیگری میں ایوارڈ جیتا ہے۔

ایوارڈ جیتنے والا اسکول 2005 کے تباہ کن زلزلے کے بعد سمندر پار پاکستانیوں کے تعاون سے میرپور میں تعمیر کیا گیا تھا، یہ اسکول 1500 یتیم بچوں کو تعلیم اور رہائش فراہم کرتا ہے۔

ایوارڈ کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر کی گئی ایک پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ اسکول، طلبہ اور کمیونٹی کے افراد کو غذائیت سے بھرپور کھانا فراہم کرنے کے لیے بغیر کسی کیمیکل کے کاشتکاری کرنے اور پانی کے تحفظ کے منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔

کورٹ کے چیئرمین چوہدری اختر نے سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کو بتایا کہ اسکول کو جنوبی ایشیا کا سب سے بڑا یتیم خانہ تسلیم کیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک غیر منافع بخش تنظیم کے طور پر کورٹ یتیم بچوں کو بہترین تعلیم، رہائشی سہولیات، خوراک، کپڑے اور طبی نگہداشت کی مدد اور فراہم کرنے کے لیے وقف ہے۔

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے موسمیاتی کانفرنس میں اسکول کی نمائندگی کرنے والے دو طلبا کو ایوارڈ دیا۔

اے پی پی نے چوہدری اختر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کا یہ اعزاز پائیدار طرز عمل میں نمایاں شراکت کے ساتھ یتیموں کے بہتر مستقبل کو یقینی بنانے کے وسیع تر سماجی مقصد کے مطابق ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوپ 28 میں کورٹ کی موجودگی نہ صرف یتیم بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے ان کی وابستگی کی نشاندہی کرتی ہے بلکہ انہیں پائیدار اور مثبت تبدیلی کی جستجو میں عالمی رہنما کے طور پر بھی نمایاں کرتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024