• KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm
  • KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm

سارہ انعام قتل کیس کا مرکزی ملزم شاہنواز امیر کلاشنکوف برآمدگی کیس میں بری

شائع November 27, 2023
— فائل فوٹو: ڈان
— فائل فوٹو: ڈان

سارہ انعام کے قتل کے الزام میں گرفتار ملزم شاہنواز امیر کو کلاشنکوف برآمدگی کیس میں بری کردیا گیا۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے سارہ انعام قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہنواز امیر کو غیرقانونی کلاشنکوف برآمدگی کیس میں شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کردیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے غیر قانونی کلاشنکوف برآمدگی کیس میں ملزم کی رہائی کی روبکار جاری کرنے کا حکم دیا۔

عدالتی فیصلے میں پولیس کی ناقص تفتیش کا انکشاف سامنے آیا ہے، فیصلے میں کہا گیا کہ استغاثہ ملزم کے خلاف الزام ثابت کرنے میں بری طرح ناکام رہی، استغاثہ کے شواہد میں ایک سے زائد شکوک و شبہات پائے گئے، شک کا فائدہ ملنا ملزم کا حق ہے۔

فیصلے میں مزید کہا گیا کہ کیس کی شکایت پولیس اسٹیشن کو بھجوانے والے کانسٹیبل طارق کو بطور گواہ عدالت میں پیش ہی نہیں کیا گیا، اتنے اہم گواہ کو عدالت پیش نہ کرنے کے قانون شہادت کے تحت نتائج ہیں، پرائیویٹ شخص کو گواہ نہ بنانا بھی ایک اور بڑا سقم ہے۔

یاد رہے کہ سارہ انعام قتل کیس میں دوران تفتیش پولیس نے شاہنواز امیر سے غیر لائسنس یافتہ کلاشنکوف برآمد کرنے کے الزام کے تحت مقدمہ درج کیا تھا، یہ مقدمہ آرمز آرڈیننس 1965 کے تحت 25 ستمبر 2022 کو تھانہ شہزاد ٹاؤن مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

ملزم شاہنواز امیر کے خلاف سارہ انعام قتل کیس کے حتمی دلائل جاری ہیں، حتمی دلائل مکمل ہونے پر سارہ انعام قتل کیس کا فیصلہ سنایا جائے گا۔

سارہ انعام قتل کیس

خیال رہے کہ اسلام آباد پولیس نے 23 ستمبر 2022کو ایاز امیر کے بیٹے کو اپنی پاکستانی نژاد کینیڈین شہری بیوی کو مبینہ طور پر قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا جس کے ایک روز بعد اس کیس میں معروف صحافی کو بھی گرفتار کرلیا گیا تھا۔

پولیس نے بتایا تھا کہ 22 ستمبر کو رات کسی تنازع پر جوڑے کے درمیان جھگڑا ہوا تھا، بعد ازاں جمعے کو صبح دونوں میں دوبارہ جھگڑا ہوا جس کے دوران ملزم نے خاتون کو تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر سر پر ڈمبل مارا۔

تفتیش کے دوران ملزم شاہنواز عامر نے پولیس کو بتایا تھا کہ اس نے اپنی بیوی کو ڈمبل سے قتل کیا اور اس کی لاش باتھ روم کے باتھ ٹب میں چھپا دی۔

پولیس نے اس کی اطلاع پر لاش کو برآمد کیا، ایف آئی آر میں کہا گیا کہ متوفی کے سر پر زخم پائے گئے تھے۔

ایف آئی آر میں کہا گیا پولیس ٹیم نے گھر سے آلہ قتل بھی برآمد کیا تھا جو ایک بیڈ کے نیچے چھپایا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024