پاکستان اور روس کا دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق
پاکستان اور روس نے دہشت گردی سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششیں مربوط بنانے پر اتفاق کرتے ہوئے دہشت گردی کی مالی معاونت سے نمٹنے اور انسداد دہشت گردی کے دیگر اہم شعبوں میں مل کر کام کرنے کا عزم کیا ہے۔
سرکاری خبر ایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی امن اور سلامتی کو درپیش دیگر چیلنجز سے نمٹنے کے بارے میں پاکستان-روس مشترکہ ورکنگ گروپ کا 10 واں اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایڈیشنل سیکریٹری وزارت خارجہ سید حیدر شاہ نے پاکستان اور روسی فیڈریشن کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ورشینن نے روس کی جانب سے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔
فریقین نے افغانستان، وسطی اور جنوبی ایشیا سمیت شمالی افریقہ کے حالات پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے عالمی اور علاقائی دہشت گردی کے خطرات پر طویل تبادلہ خیال کیا۔
دوران گفتگو دہشت گردی کے منظر نامے کی پیچیدگی اور مسلسل چوکس رہنے کی ضرورت پر زور دیا گیا اور فریقین نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے اپنی اپنی قومی حکمت عملیوں اور اقدامات کا خاکہ پیش کیا۔
بیان کے مطابق پاکستان اور روس نے دہشت گردی کے خلاف وسیع تر جنگ میں قومی کوششوں کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے اپنے تجربات اور بہترین طریقوں کا اشتراک کیا۔
یہ ملاقات پاکستان-روس دوطرفہ انسداد دہشت گردی تعاون کے پس منظر میں باقاعدہ تبادلوں کا حصہ تھی اور فریقین نے تعاون کے باہمی فوائد پر زور دیتے ہوئے دہشت گردی سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششیں مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اقوام متحدہ اور شنگھائی تعاون تنظیم جیسے کثیر الجہتی فورمز میں تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت خاصی نتیجہ خیز رہی۔
فریقین نے دہشت گردی کی مالی معاونت سے نمٹنے اور انسداد دہشت گردی کے دیگر اہم شعبوں میں مل کر کام کرنے کا عزم کیا۔
پاکستان اور روس نے بنیاد پرستی کی مختلف اشکال، دہشت گردی سے متاثرہ نظریات کے پھیلاؤ اور دہشت گردی کے مقاصد کے لیے معلومات اور مواصلاتی ٹیکنالوجی کے غلط استعمال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
دونوں ملکوں نے ان چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔
ملاقات کے اختتام پر پاکستان اور روس دونوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور فریقین نے علاقائی اور عالمی سلامتی برقرار رکھنے میں اپنی شراکت داری کی اہمیت کو تسلیم کیا۔
ورکنگ گروپ کا اگلا اجلاس 2024 میں ہوگا۔