• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

بھارتی باؤلرز کو مشکوک گیندیں دینے کا الزام، سابق پاکستانی کرکٹر کے الزام پر محمد شامی کا سخت ردعمل

شائع November 9, 2023
— فائل فوٹو: ایکس
— فائل فوٹو: ایکس

سابق پاکستانی کرکٹر حسن رضا کے ورلڈ کپ میں بھارت کو مختلف اور مشکوک گیندیں دینے کے الزام پر بھارتی باؤلر محمد شامی نے سخت ردعمل دیا ہے۔

معاملہ کچھ یوں ہے کہ کچھ روز قبل ’اے بی این‘ نامی نجی نیوز چینل پر اپنا تجزیہ دیتے ہوئے حسن رضا نے دعویٰ کیا تھا کہ ’جب بھارتی ٹیم بیٹنگ کرتی ہے تو وہ واقعی اچھی بلے بازی کرتے ہیں اور جب باؤلنگ کرتی ہے تب گیند مختلف ہوجاتی ہے، اس کے علاوہ ڈی آر ایس بھی ان کے حق میں گیا‘۔

حسن رضا کا کہنا تھا کہ ’سراج اور شامی جس طرح گیند کو سوئنگ کر رہے تھے اس سے ایسا لگ رہا تھا کہ آئی سی سی یا بھارتی کرکٹ بورڈ انہیں دوسری اننگز میں مختلف اور مشکوک گیندیں دے رہے ہیں، گیند کا معائنہ کرنے کی ضرورت ہے، سوئنگ کے لیے گیند پر کوٹنگ کی ایک اضافی تہہ بھی ہو سکتی ہے‘۔

پاکستانی کرکٹر کے دعوے پر سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے بھی ردعمل دیا تھا۔

انہوں نے نجی اسپورٹس چینل ’اے اسپورٹس‘ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’یہ مضحکہ خیز بیان ہے، ایسی باتیں کرکے دنیا میں اپنی بے عزتی تو کرواتے ہی ہیں لیکن ہماری بے عزتی تو نہ کروائیں، یہ بہت عام بات ہے، جو ٹیم ٹاس جیتتی ہے اس کے بعد امپائر آتا ہے اور 12 گیندوں والا ڈبا ہوتا ہے جس میں سے باؤلنگ کرنے والی ٹیم 2 گیندوں کا انتخاب کرتی ہے، امپائر کے ساتھ اور بھی لوگ ہوتے ہیں جیسے کہ ریفریز وغیرہ‘۔

وسیم اکرم نے کہا کہ ’شاید بھارتی باؤلرز نے دیگر باؤلرز کے مقابلے گیند کو سوئنگ کرنا بہتر طریقے سے سیکھا ہے، کم از کم ان کی تعریف کریں۔‘

وسیم اکرم کے بعد اب بھارتی باؤلر محمد شامی نے بھی حسن رضا کے دعوے پر اپنا سخت ردعمل دیا ہے۔

انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’شرم کریں، کھیل پر توجہ دیں، نہ کہ فالتو بکواس پر، کبھی تو دوسروں کی کامیابی کو انجوائے کیا کرو، یہ آئی سی سی ٹورنامنٹ ہے، آپ کا لوکل ٹورنامنٹ نہیں ہے، آپ کھلاڑی ہی تھے نا؟‘

محمد شامی نے ہنستے ہوئے کہا کہ ’وسیم بھائی نے تفصیل دے کر سمجھایا پھر بھی۔۔۔ اپنے وسیم اکرم پر یقین نہیں ہے آپ کو ؟ آپ تو اپنی ہی تعریف کرنے میں لگے ہوئے ہیں‘۔

یاد رہے کہ بھارت میں جاری کرکٹ کا سب سے اہم ٹورنامنٹ ورلڈ کپ 2023 میں بھارتی ٹیم نے اب تک 8 میچز کھیلے ہیں اور تمام میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔

بھارتی ٹیم کے باؤلرز محمد شامی اور محمد سراج کی تباہ کن باؤلنگ اور ویرات کوہلی، روہت شرما اور شبمن گل کی شاندار بیٹنگ کی بدولت ٹیم اب تک ناقابل شکست رہی ہے۔

اسی وجہ سے آئی سی سی رینکنگ میں بھارتی اوپنر شبمن گل 830 رینکنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں، اس کے علاوہ بھارت کے مزید دو بلے باز ویرات کوہلی اور روہت شرما بھی ٹاپ ٹین میں شامل ہیں۔

دوسری جانب ون ڈے کرکٹ میں باؤلرز کی رینکنگ کی بات کی جائے تو بھارت کے محمد سراج 709 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں، اس کے علاوہ بھارت کے مزید 3 باؤلرز بھی ٹاپ 10 میں شامل ہیں جن میں محمد شامی، کلدیپ یادیو، جسپرت بمراہ شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024