• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:48pm
  • LHR: Asr 3:26pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:48pm
  • LHR: Asr 3:26pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm

امریکا: غزہ میں شہریوں کی ہلاکتوں کے باعث نقطہ نظر میں تبدیلی

شائع November 5, 2023
اراکین نے بائیڈن انتظامیہ کی اسرائیل کے لیے ہنگامی فوجی امداد کے پروگرام کو چیلنج کیا — فوٹو: اے ایف پی
اراکین نے بائیڈن انتظامیہ کی اسرائیل کے لیے ہنگامی فوجی امداد کے پروگرام کو چیلنج کیا — فوٹو: اے ایف پی

امریکا میں غزہ پر اسرائیلی حملے کے حوالے سے جذبات میں نمایاں تبدیلی نظر آرہی ہے جس کی وجہ سے بائیڈن انتظامیہ نے اسرائیلیوں کو اپنی جارحیت کو طول نہ دینے کا مشورہ دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق 14 امریکی سینیٹرز نے اپنے مشترکہ بیان میں حماس کے خلاف اسرائیلی اقدامات کو انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر روکنے کی اپیل کی گئی ہے۔

اس میں مزید کہا گیا ہے کہ کانگریس میں ڈیموکریٹس سینیٹرز نے ایک اہم قانون کا حوالہ دیا، یہ قانون انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث سیکیورٹی فورسز کی امداد پر پابندی لگاتا ہے، اراکین نے بائیڈن انتظامیہ کی اسرائیل کے لیے ہنگامی فوجی امداد کے پروگرام کو چیلنج کیا۔

سینیٹرز نے امریکی اور اسرائیلی حکام کو ارسال کیے گئے خط میں لکھا کہ ہم غزہ میں شہریوں، امدادی کارکنوں اور انسانی امداد کی ترسیل کے لیے قلیل مدتی جنگ بندی کے صدر جو بائیڈن کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں۔

اپنے خط میں ان سینیٹرز نے تین اہداف کی نشاندہی کی:

  • ضروری سخت نگرانی کے تحت شہریوں کو ضروری انسانی امداد کی کامیاب فراہمی
  • غزہ میں تمام قیدیوں کی رہائی پر توجہ
  • خطے میں دہائیوں سے جاری تنازعات کو کم کرنے کے لیے طویل مدتی حکمت عملی کے بارے میں علاقائی و عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر اسرائیلی اور فلسطینی قیادت کے درمیان وسیع تر بات چیت

اس کے علاوہ ڈیموکریٹک پارٹی کے پروگریسو ونگ کے اراکین نے انتظامیہ کو خبردار کیا کہ اسرائیل کے لیے 14.3 ارب ڈالر کا پیکج لیہی ایکٹ کی خلاف ورزی ہے کیونکہ غزہ پر اسرائیل کے انتقامی حملے نے شہریوں کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔

یہ قانون انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے مرتکب سیکیورٹی فورسز کو امریکی امداد کو ممنوع قرار دیتا ہے۔

ترقی پسند رکن کانگریس آندرے کارسن نے ’دی گارجین‘ کو ایک ای میل میں کہا کہ ’مجھے بہت تشویش ہے کہ ہمارے ٹیکس دہندگان کے ڈالر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے لیے استعمال ہو سکتے ہیں۔‘

انہوں نے اسرائیل پر جنگی جرائم کا الزام لگایا، انہوں نے رواں ہفتے میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں ہونے والی مہلک بمباری اور اسرائیلی ڈیفنس فورسز کی جانب سے سفید فاسفورس کے مبینہ استعمال کا حوالہ دیا۔

سی این این نے بروز ہفتہ رپورٹ کیا کہ صدر جو بائیڈن اور ان کے سینئر معاونین نے غزہ میں انسانی بحران اور شہریوں کی ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل کو خبردار کر دیا ہے۔

جو بائیڈن اور ان کی ٹیم کو خدشہ ہے کہ غزہ میں ہونے والے مصائب و مشکلات کے خلاف عالمی سطح پر اٹھنی والی آوازیں جلد ہی مزید شدت اختیار کر سکتی ہیں جس سے اسرائیل کو جنگ بندی کے لیے مزید بڑھتے دباؤ کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

امریکی میڈیا نے نوٹ کیا کہ بائیڈن انتظامیہ نے اسرائیل کے لیے واضح ریڈ لائنز طے کرنے سے گریز کیا لیکن انسانی ہمدردی کی تکالیف کو کم کرنے اور شہریوں کی اموات کو کم کرنے کے لیے اقدامات پر زور دیا ہے۔

جب کہ اسرائیلی فضائی حملے جاری ہیں، بائیڈن اور ان کے معاونین انسانی صورت حال سے پریشان ہیں اور اسرائیل پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ بحران کے خاتمے کے لیے اقدامات کرے۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2024
کارٹون : 19 دسمبر 2024