• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ورلڈ کپ: پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے انگلینڈ کو کم از کم کتنے رنز سے ہرانا ہو گا؟

شائع November 4, 2023
بابر اعظم الیون کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے اگلا میچ بڑے مارجن سے جیتنا ہو گا— فوٹو: رائٹرز
بابر اعظم الیون کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے اگلا میچ بڑے مارجن سے جیتنا ہو گا— فوٹو: رائٹرز

پاکستان نے فخر زمان کی جارحانہ سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ کو بارش سے متاثرہ میچ میں شکست دے کر اہم کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات برقرار رکھے تاہم قومی ٹیم کی سیمی فائنل تک رسائی کا انحصار اب بھی نیوزی لینڈ پر ہی ہے۔

نیوزی لینڈ نے بنگلورو میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی باؤلنگ تہس نہس کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 401 رنز بنا کر پاکستان کو 402 رنز کا ہدف دیا۔

پاکستان کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں صرف 6 رنز پر عبداللہ شفیق کی خدمات سے محروم ہو گئی لیکن فخر زمان نے جارحانہ سنچری بنا کر میچ کا نقشہ بدل دیا۔

جب بارش کے باعث میچ روکا گیا تو پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 200 رنز بنائے تھے اور یوں قومی ٹیم نے ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت میچ میں 21 رنز سے فتح اپنے نام کی۔

اس میچ میں فتح کے بعد پاکستان کے 8 میچوں میں 8 پوائنٹس ہو گئے ہیں اور نیوزی لینڈ کے بھی 8 میچوں میں 8 پوائنٹس ہیں لیکن بہتر رن ریٹ کی وجہ سے نیوزی لینڈ کی پوزیشن پاکستان سے بہتر ہے۔

اب ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی کے لیے نیوزی لینڈ کے ساتھ ساتھ پاکستان اور افغانستان بھی اہم دعویدار ہیں۔

پاکستان کی ٹیم کو سیمی فائنل تک رسائی کے لیے اگلے میچ میں ناصرف دفاعی چیمپیئن انگلینڈ کو شکست دینا ہو گی بلکہ اس کے ساتھ ساتھ اپنا رن ریٹ بھی بہتر کرنا ہو گا۔

اگر سری لنکا کی ٹیم اگلے میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دے دیتی ہے تو ایسی صورت میں قومی ٹیم انگلینڈ کو ہرا کر باآسانی سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی۔

تاہم اگر نیوزی لینڈ کی ٹیم سری لنکا کے خلاف کامیاب رہتی ہے تو ایسی صورت میں نہ صرف قومی ٹیم کو انگلینڈ سے کامیابی حاصل کرنا ہو گی بلکہ بڑے مارجن سے ہرانا ہو گا۔

موجودہ صورتحال میں پاکستان کو سیمی فائنل تک رسائی اور رن ریٹ میں نیوزی لینڈ سے آگے نکلنے کے لیے کم از کم 130 رنز کے مارجن سے فتح درکار ہو گی جبکہ نیوزی لینڈ کی فتح کا مارجن ایک رن سے زائد ہونے کی صورت میں پاکستان کو مزید بڑے مارجن سے میچ جیتنا ہو گا۔

تاہم سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان بنگلور میں 9 نومبر کو کھیلے جانے والے میچ میں بارش کا بھی قومی امکان ہے اور ڈے نائٹ میچ ہونے کی وجہ سے میچ کے بارش کی وجہ سے بہت زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

اگر میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہو جاتا ہے تو ایسی صورت میں سری لنکا اور نیوزی لینڈ دونوں کو ایک، ایک پوائنٹ ملے گا، یوں نیوزی لینڈ کے مجموعی پوائنٹس 9 ہو جائیں گے اور ایسی صورت میں بھی پاکستان کی ٹیم انگلینڈ کو ہرا کر فائنل فور میں جگہ بنا لے گی۔

دوسری جانب افغانستان کی ٹیم بھی سیمی فائنل کی اہم دعویدار ہے اور اس کے بھی پاکستان اور نیوزی لینڈ کی طرح ناصرف 8 پوائنٹس ہیں بلکہ انہیں مزید دو میچز کھیلنے ہیں۔

گوکہ افغانستان کے یہ دونوں میچز آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ جیسی مضبوط ٹیموں سے ہیں جو سیمی فائنل میں جگہ بنا چکی ہیں لیکن اس کے باوجود اگر وہ کسی ایک بھی میچ میں کامیابی حاصل کر لیتی ہے تو پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال مزید دلچسپ ہو جائے گی۔

اگر افغانستان کی ٹیم اپنے اگلے دونوں میچوں میں سے کسی ایک میچ میں بھی جیت جاتی ہے تو اس کے پوائنٹس 10 ہو جائیں گے لیکن رن ریٹ کم ہونے کے سبب افغانستان کو اگلے مرحلے تک رسائی کے لیے یا تو دونوں میچز جیتنے ہوں گے یا پھر کوئی ایک میچ بڑے مارجن سے جیتنا ہو گا۔

افغانستان 10 پوائنٹس ہونے کے بعد اس صورت میں اگلے مرحلے میں پہنچ سکتی ہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ دونوں ہی اپنے اگلے دونوں میچز ہار جائیں، ایسی صورت میں یہ دونوں ٹیمیں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو جائیں گی اور افغانستان کی ٹیم پہلی مرتبہ عالمی کپ کے سیمی فائنل مرحلے میں پہنچ جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024