• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کرکٹرز اور سیاست دانوں سے متعلق کچھ نہیں جانتی، ندا یاسر

شائع November 2, 2023
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

معروف ٹی وی میزبان ندا یاسر نے اعتراف کیا ہے کہ انہیں زیادہ تر کرکٹرز اور سیاست دانوں سے متعلق معلومات نہیں ہوتی، وہ شوز کرنے سے قبل کرکٹرز سے متعلق اپنی بہن سے معلومات لیتی ہیں۔

ندا یاسر حال ہی میں بہن اسپورٹس جرنلسٹ سویرا پاشا کے ہمراہ کامیڈی شو ’گپ شب‘ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنے مارننگ شوز میں ہونے والی غلطیوں اور ان غلطیوں کی وائرل ہونے والی ویڈیو کلپس سے متعلق بھی کھل کر بات کی۔

ندا یاسر نے کہا کہ انہیں اداکاری سے زیادہ میزبانی میں مزہ آتا ہے، تاہم اس باوجود وہ ڈرامے دیکھتی ہیں اور شوبز سے متعلق پوری معلومات رکھتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اداکاری میں بہت زیادہ وقت دینا پڑتا تھا، اب وہ تین بچوں کی ماں بن چکی ہیں، اس لیے ان کے پاس بھی وقت نہیں، وہ جب مارننگ شو کر رہی ہوتی ہیں، تب ان کے بچے اسکول گئے ہوتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اداکاری ان کا پہلا پیار تھا لیکن شوہر یاسر نواز اس سے بھی پہلا پیار تھے۔

پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان کا بچپن یورپی ملک جرمنی میں بھی گزرا اور انہوں نے وہاں چار جماعتیں پڑھیں، انہیں جرمن زبان بھی آتی ہے اور ساتھ ہی انہوں نے جرمن زبان میں بات بھی کی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ پڑھائی میں اپنی تمام بہنوں سے ہوشیار تھیں اور اب بھی وہ فیشن کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں، جس کے بعد وہ کاروبار سے متعلق چھوٹے کورسز کرنے کے بعد اپنا فیشن کا کاروبار کریں گی۔

مارننگ شوز میں ہونے والی غلطیوں اور ان کی وائرل ہونے والی ویڈیوز پر بات کرتے ہوئے ندا یاسر نے بتایا کہ شروع میں انہیں اپنی ویڈیوز وائرل ہونے پر پریشانی ہوتی تھی لیکن اب ایسا نہیں ہوتا۔

ان کے مطابق وہ اس بات پر خوش ہیں کہ ان کی غلطیوں سے کسی کی دل آزاری نہیں ہوتی بلکہ لوگ ان کی وائرل ویڈیوز دیکھ کر خوش ہوتے ہیں۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ انہیں اسپورٹس اور خصوصی طور پر کرکٹ اور کرکٹرز سے متعلق زیادہ معلومات نہیں ہے، وہ جب بھی کرکٹرز کو پروگرام میں بلاتیں ہیں تو پہلے اپنی بہن سویرا پاشا سے مذکورہ شخص سے متعلق مکمل معلومات لیتی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ندا یاسر نے بتایا کہ وہ مصباح الحق کو جانتی ہیں، وہ ان سے ملی بھی ہیں لیکن ان سے ان کے متعلق مزید کوئی معلومات نہ پوچھی جائے۔

ندا یاسر نے ایک واقعہ سنایا کہ کئی سال قبل وہ شوہر یاسر نواز کے ہمراہ ایک شو میں مہمان بنیں، جہاں کرکٹر دنیش کنیرا اور ان کی اہلیہ بھی مہمان کے طور پر آئے ہوئے تھے لیکن انہوں نے اور ان کے شوہر نے کرکٹر اور ان کی اہلیہ کو نہیں پہچانا۔

ان کے مطابق وہ اور ان کے شوہر ایک دوسرے کے ساتھ سسر پسر کرکے پوچھتے رہے کہ یہ کون ہیں لیکن انہیں کچھ یاد نہیں آیا، پھر انہوں نے ہمت کرکے کرکٹر سے پوچھا کہ آپ کون ہیں؟

ندا یاسر کے مطابق ان کے سوال کرنے پر دنیش کنیریا کی اہلیہ نے احترام اور پیار سے اپنا تعارف کرایا۔

پروگرام کے دوران بات کرتے ہوئے انہوں نے اعتراف کیا کہ انہیں زیادہ تر سیاست دانوں سے متعلق بھی معلومات نہیں ہوتی، اس لیے وہ انہیں پروگرامات میں ہی نہیں بلاتیں۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ ان سے مارننگ شوز کرنے کے دوران لاتعداد غلطیاں ہوئیں، جن غلطیوں کی ویڈیوز وائرل ہوئیں، وہ تو چند غلطیاں ہیں اور وہ بہت چھوٹی اور قدرے نئی غلطیاں ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024